Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اطالوی بحریہ کے ہاتھوں قتل ماہی گیروں کے ورثا کو معاوضہ ادا کریں: انڈین سپریم کورٹ

فروری 2012 میں انڈیا نے اٹلی کے دو فوجی اہلکاروں پر دو انڈین ماہی گیروں کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی سپریم کورٹ نے وفاق کو ہدایت کی ہے کہ اٹلی کی جانب سے ہلاک ہونے والے ماہی گیروں کے لواحقین کو ادا کی گئی معاوضے کی رقم عدالت کے اکاؤنٹ میں جمع کروائی جائے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق تین ججز پر مشتمل بینچ نے جمعے کے روز وفاقی حکومت سے معاوضے کی رقم سپریم کورٹ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانے کو کہا ہے، جو پھر ماہی گیروں کے لواحقین کو ادا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ فروری 2012 میں انڈیا کی ریاست کیرالا کے جنوبی ساحل پر اٹلی کے ایک تیل بردار جہاز کی نگرانی پر مامور دو اطالوی فوجیوں میسیمیلیانو لتوری اور سلواتوری گیرونی نے دو انڈین ماہی گیروں کو قتل کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ’وفاقی حکومت کے رقم جمع کروانے کے ایک ہفتے بعد عدالت عظمیٰ وفاق کی درخواست سنے گی جس میں اطالوی فوجیوں کے خلاف دائر مقدمہ خارج کرنے کی التجا کی گئی ہے۔
انڈیا کی حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ ماہی گیروں کے قتل میں ملوث اٹلی کے فوجی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ خارج کر دیا جائے۔
انڈیا کی حکومت کے مطابق ہالینڈ کے شہر ہیگ میں قائم مستقل ثالثی کی عدالت کے فیصلے کو وفاق نے قبول کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اٹلی کی حکوت انڈیا کو معاوضہ ادا کرے گی لیکن اٹلی کے فوجی اہلکاروں کو استثنیٰ حاصل ہونے کے باعث انڈیا ان کے خلاف مقدمہ نہیں چلا سکتا۔
فروری 2012 میں انڈیا نے اٹلی کے دو فوجی اہلکاروں پر دو انڈین ماہی گیروں کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

شیئر: