Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرنطینہ قواعد کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ ریال جرمانہ اور 2 سال کی سزا

حکام کی جانب سے مذکورہ قواعد کا سختی سے اطلاق اس وقت سامنے آیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
کورونا وائرس کے قرنطینہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے سعودی شہریوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ انہیں 2 سال قید اور 2 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حکام کی جانب سے مذکورہ قواعد کا سختی سے اطلاق اس وقت سامنے آیا ہے جب مملکت میں کووڈ 19سے ہونے والی اموات کی تعداد سات ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
سعودی عرب کے بیورو آف انویسٹی گیشن اینڈ پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ یہ جرمانے ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر عائد ہوں گے  جو یا تو خود کووڈ19سے متاثر تھے یا وائرس والے کسی کے ساتھ رابطے میں آئے تھے یا جن پراس وائرس کا کیریر ہونے کا شبہ تھا۔
واضح رہے کہ دوسری مرتبہ  اسی طرح کی قانون شکنی کرنے والوں کے جرمانے میں دگنا اضافہ کیا جائے گا۔
قبل ازیں اعلان کیا گیا تھا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین وطن کواس اقدام کے تحت مملکت سے بیدخل کر دیاجائے گا اور ان کے سعودی عرب واپس آنے پر مستقل طور پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
سعودی عرب میں گذشتہ روز منگل کو کووڈ 19کے باعث14  ہلاکتوں کی اطلاع ملی  تھی جس کے بعداس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 7006 ہوگئی۔

کراوڈ کنٹرول کے حوالے سے حرمین شریفین میں بہترین خدمات فراہم کی گئیں۔(فوٹو عرب نیوز)

وزارت صحت کے مطابق999 نئے کیسز بھی سامنے آئے جس کے بعد مملکت میں 421300 افراد وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔
ان میں فعال کیسز کی تعداد 9587 ہے جن میں سے 1356 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت کے عہدیداروں نے بتایا  ہےکہ نئے درج شدہ کیسز میں سے ریاض کے علاقے میں 398، مکہ مکرمہ ریجن میں241 ، مشرقی ریجن میں111 جب کہ مدینہ منورہ  ریجن میں 48  کیسز  ریکارڈ کئے گئے ہیں۔
کورونا وائرس  سے اب تک صحت یاب  ہونے والے افراد کی کل تعداد 404707 ہو چکی ہے۔

مملکت میں کووڈ 19سے ہونے والی اموات کی تعداد سات ہزار سے بڑھ گئی ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

رمضان المبارک کے ابتدائی دوعشروں کے دوران قریباً 10 لاکھ عمرہ زائرین اور 20 لاکھ نمازیوں کی حرم مکی میں حاضری ہوئی ہے۔
یہ بات حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے بتائی  ہےجس کی نمائندگی جنرل ایڈمنسٹریشن برائے کراوڈ کنٹرول اینڈ گروپنگ کرتی ہے۔
کراوڈ کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر اسامہ الحجیلی نے کہا کہ حرمین شریفین میں بہترین خدمات فراہم کی گئیں۔
عمر رسیدہ اور معذورافراد کے لئے خصوصی راستے تیار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم  زائرین کرام سے یہ بات زور دے کر کہنا چاہتے ہیں کہ وہ 'اعتمرنا' اور 'توکلنا' ایپس کے طے شدہ وقت پر عمل کریں، ماسک پہنیں اور سماجی دوری کے قواعد پر عمل کریں۔
 

شیئر: