Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اردوغان اور بائیڈن کی ملاقات سے پہلے ویڈیو ریلیز نہ کرنے کا کہا گیا‘

سیدت پیکر نے کہا کہ ’وہ انتخابات کے دوران اردوغان کے قابل اعتبار ساتھی کولونک کو پیسے دے رہے تھے‘ (فوٹو: سیدت پیکر ٹوئٹر)
اتوار کو کئی ترک شہری بدنام زمانہ مافیا سرغنہ سیدت پیکر کی نئی ویڈیو دیکھنے کے بے تابی سے منتظر تھے۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی میں رہائش پذیر سیدت پیکر ترکی کے کئی اہم سیاست دانوں کے بارے میں دعوے کر کے ہیڈلائنز میں جگہ پا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر طوفان برپا کیے ہوئے ہیں۔
ویڈیوز میں وہ حکومتی شخصیات کے ساتھ اپنے گہرے تعلقات کے حوالے سے بتاتے ہیں۔
اپنی نویں ویڈیو میں ترکی کے مفرور مافیا ڈان سیدت پیکر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے کرپٹ کاروباری شخصیت سیزگن بارن کورکمز کو قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہو جانے کا انتباہ دیا ہے۔‘
اتوار کو جاری ہونے والی پیکر کی تازہ ترین ویڈیو کو اب تک 66 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔
پیکر نے کہا کہ ترکی کی ایک سینیئر سیاسی شخصیت متین کولونک اور حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپممنٹ پارٹی کے سابق ڈپٹی نے حال ہی میں انہیں اردوغان اور بائیڈن کی ملاقات سے پہلے ویڈیو ریلیز نہ کرنے کا کہا ہے۔

دبئی میں رہائش پذیر سیدت پیکر ترکی کے کئی اہم سیاست دانوں کے بارے میں دعوے کر کے ہیڈلائنز میں جگہ پا رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)

اردوغان اور ان کے ہم منصب جو بائیڈن کی 14 جون کو نیٹو سمٹ میں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ امریکی حکام ایک اہم شخصیت کے جعل سازی میں ملوث ہونے کے دعوؤں پر کس طرح کے ردعمل کا اظہار کریں گے۔
اسی ویڈیو میں پیکر نے کہا کہ وہ انتخابات کے دوران ہر ماہ کولونک کو پیسے دے رہے تھے اور ترک حکومت سے منسلک جرمنی میں قائم ایسوسی ایشنز کو بھی رقوم بھیج رہے تھے تاکہ ان کی مجرمانہ کارروائیوں کو تعاون حاصل رہے۔
حالیہ برسوں میں جرمن پریس نے اردوغان کے قابل اعتبار ساتھی کولونک کے جرائم کی منصوبہ بندی میں ملوث باکسنگ گروپ عثمانن جرمینیا کے ساتھ قریبی روابط کا انکشاف کیا تھا۔
گینگ پر ترک حکومت کے مخالفین خاص طور پر جرمنی میں رہنے والے کردوں کو نشانہ بنانے کا الزام ہے۔

شیئر: