Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانسیسی صدر کو شہری نے تھپڑ مار دیا

فرانسیسی صدر ایمانوئل میخواں کو جنوب مشرقی علاقے کے دورے کے دوران ایک شہری نے تھپڑ مار دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بی ایف ایم نیوز چینل پر نشر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر میخواں جب ہاتھ ملانے کے لیے آگے بڑھتے ہیں تو سبز شرٹ پہنے ایک شخص نے ان کو تھپڑ رسید کر دیا۔
مقامی عہدیداروں نے بتایا کہ موقعے پر موجود صدر ایمانوئل میخواں کے محافظوں نے جلد مداخلت کی اور دو افراد کو گرفتار کیا۔
علاقائی پریفیکچر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر کو تھپڑ مارنے والے اور ایک دوسرے شہری سے بھی پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔
یہ واقعہ فرانس کے جنوب مشرقی علاقے ڈروم ریجن میں پیش آیا۔ جہاں انہوں نے ریستوران کے مالکان اور طالب علموں سے کورونا وائرس کی وبا کے بعد معلومات زندگی کی بحالی سے متعلق ملاقات کی۔
سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید شرٹ پہنے صدر ایمانوئل میخواں، دھاتی رکاوٹ کے عقب میں کھڑے افراد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
فرانسیسی صدر چشمے اور فیس ماسک لگا کر کھڑے ایک شخص سے ہاتھ ملانے اس کے قریب پہنچے۔
فرانسیسی صدر کو تھپڑ مارتے وقت شہری نے ’ڈاؤن ود میکرون‘ کا نعرہ بھی لگایا اور اس کے بعد اس نے صدر کو تھپڑ مارا۔
میخواں کے حفاظتی دستے میں شامل دو افراد نے سبز ٹی شرٹ پہن کر کھڑے ہوئے شخص کو قابو کیا جبکہ ایک صدر کو دور لے گئے۔
تاہم صدر ایمانوئل میخواں مزید کچھ سیکنڈز وہاں موجود رہیں اور رکاوٹ کی دوسری جانب کسی سے بات کرتے دکھائی دیے۔
صدارتی انتظامیہ نے کہا ہے کہ صدر میخواں پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاہم صدارتی انتظامیہ نے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

شیئر: