Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ترقی پذیر ممالک کے لیے ویکسین کی تیاری اور تقسیم کا عمل تیز بنانا ہوگا‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’اب ہماری توجہ ویکسینیشن مہم کو تیز کرنے پر مرکوز ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے دنیا پر زور دیا ہے کہ عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی رسائی آسان بنانا ہو گی۔
منگل کو اقوام متحدہ کے سیاسی فورم سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کورونا کی وجہ سے دنیا کو سہہ جہتی غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہے۔
ان کے مطابق ’کورونا ویکسین کی تیاری اور تقسیم کا عمل تیز بنانا ہو گا۔‘
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ غریب ممالک کے لیے 150 ارب ڈالر رکھے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کورونا وبا سے درپیش صورتحال کے ضمن میں اقوام متحدہ خصوصاً سیکریٹری جنرل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امداد اور بحالی کے حوالے اہم کوششیں کیں۔
عمران خان کے بقول ’اللہ کے فضل سے پاکستان دوسرے ممالک کے مقابلے میں خوش قسمت رہا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بہترین پالیسی، اقدامات، سمارٹ لاک ڈاؤن اور مستحق افراد کی مالی اعانت کی بدولت وائرس کے نقصانات سے بچنے میں کافی حد تک کامیابی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے قیمتی جانیں بھی بچائیں اور لوگوں کے روزگار بھی۔‘ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب ہماری توجہ ویکسینیشن مہم کو تیز کرنے پر مرکوز ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ غریب ممالک کے لیے مالیاتی ریلیف کم ہے، ان کے لیے رعایتوں اور مالی مدد کے وعدے پورے کیے جائیں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ترقی پذیر ملکوں کے لیے قرضوں کو ازسر نو ترتیب دینا ہو گا۔
انہوں نے غریب ممالک کے لیے مالیاتی ریلیف کو کم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ترقی پذیر ملکوں کے لیے کم از کم 150 ارب ڈالر رکھے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کے مسائل بہت بڑھے ہیں، ان کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے لیے سالانہ 180 ملین ڈالر درکار ہوں گے کیونکہ پائیدار ترقی کے 92 فیصد اہداف بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

شیئر: