Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ ماہ کن علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش متوقع

بعض مقامات پرگردآلود ہوائیں بھی چلیں گی(فوٹو، ٹوئٹر)
موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ کل جمعے کو جازان، عسیر اور باحہ میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جس کا سلسلہ مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں تک پھیل جائے گا- 
اخبار  24 کے مطابق قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ جمعے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ  منورہ کے مشرقی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نگاہ محدود ہوسکتی ہے جبکہ مملکت کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں سخت گرمی پڑے گی- 
قومی مرکز نے توجہ دلائی کہ کل سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری الاحسا میں جبکہ سب سے کم 13 سینٹی گریڈ السودۃ میں رہے گا- 

محکمہ موسمیات کے مطابق اگست میں 5 علاقوں میں بارش معمول سے زیادہ ہوگی

دریں اثنا عاجل ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ اگست کے دوران سعودی عرب کے  پانچ علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش ہوگی-
درجہ حرارت مملکت کے تمام علاقوں میں معمول سے زیادہ ہوگا- حدودشمالیہ، الجوف اور القصیم میں درجہ حرارت انتہا کو پہنچ جائے گا- ماہانہ اوسط سے ڈیڑھ درجہ زیادہ ہوگا- 
قومی مرکز نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس بات کا امکان ظاہر کیا کہ سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں خاص طور پر اگست کے دوران شدید گرمی کی لہرجاری رہے گی- 
بارش سے متعلق توقعات ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ جازان، نجران، عسیر، باحہ اور مکہ مکرمہ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی-
مذکورہ علاقوں کے پہاڑی مقامات بھی بارش کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ مملکت کے دیگرعلاقوں میں عام طور پر جتنی بارش ہوتی تھی اس سال اگست میں اتنی ہی ہوگی- موسمیات کے قومی مرکز نے توجہ دلائی کہ اس کا امکان ہے کہ 5 علاقوں میں خلاف معمول موسلا دھار بارشیں ہوں-

شیئر: