Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کی جزوی بندش سے صارفین ایپ استعمال کرنے سے قاصر

ٹوئٹر کا پلیٹ فارم مقبول ترین سوشل میڈیا ایپلیکیشنز میں شمار کیا جاتا ہے (فوٹو: پکسابے)
مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر استعمال کرنے والے صارفین کو بدھ کی دوپہر اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ویب سائٹ نے وزٹرز کو ایرر میسیج دینا شروع کر دیا۔
بدھ کی سہہ پہر سامنے آنے والے مسئلے میں ٹوئٹر کی موبائل ایپ اور ڈیسک ٹاپ وزٹ کرنے والے صارفین کو ایپ کے ہوم پیج پر ’دی پیج از ڈاؤن‘ کا میسیج دکھائی دیتا رہا۔
ٹوئٹر کی جانب سے اپنی ایپلیکیشن کو درپیش تکنیکی مسئلے کی وجہ یا اس کی نوعیت کے متعلق فوری طور پر کوئی اپ ڈیٹ شیئر نہیں کی گئی ہے۔

ٹوئٹر وزٹ کرنے والوں کو ایرر میسیج دکھائی دیتا رہا۔ (فوٹو: سکرین گریب)

پاکستانی صارفین کے ساتھ ساتھ دیگر ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر ایرر میسیج دکھائی دینے کا ذکر کیا گیا تو ساتھ ہی اس دوران اختیار کی جانے والی متبادل دلچسپیوں کا حوالہ دے کر دوسروں سے ان کے انتخاب کے متعلق استفسار کیا گیا۔
اپنی پروفائل کے مطابق خود کو سکاٹ لینڈ سے متعلق بتانے والی ایک ٹویپ نے لکھا کہ ’ٹوئٹر ڈیسک ٹاپ کے ڈاؤن ہونے پر اطمینان محسوس کر سکتی ہوں۔ ڈاؤن ٹائم کے دوران آپ سب کیا کرتے ہیں؟ میں انسٹاگرام کرتی ہوں۔‘

اچانک بندش کی وجہ سے کچھ صارفین الجھن کا شکار ہوئے تو اس کیفیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ خرابی دیکھ کر پہلا خیال یہ تھا کہ شاید ہم سے کوئی مسئلہ ہوا ہے۔

ٹوئٹر پر حالیہ ایرر ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی ٹیکنالوجی کمپنی نے گزشتہ کچھ عرصے میں اپنے لے آؤٹ سمیت جہاں متعدد نئے فیچرز کا اعلان کیا ہے وہیں فلیٹ کا فیچر گزشتہ ماہ کے شروع میں ختم کر دیا تھا۔
ٹوئٹر سماجی رابطوں کی مقبول ویب سائٹس میں شمار کی جانے والی ایپلیکیشن ہے جسے دنیا کے مختلف ملکوں میں مائکروبلاگنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

شیئر: