Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیصل بن فرحان کی انڈین وزیر خارجہ سے ملاقات، افغانستان کی صورتحال پر گفتگو

دونوں دوست ملکوں کے مضبوط تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا( فوٹو ایس پی اے) 
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو انڈیا کے سرکاری دورے کے موقع پر نئی دہلی میں وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق  سرکاری مذاکرات کے موقع پر سعودی عرب اور انڈیا کے دوست عوام اور دونوں دوست ملکوں کے مضبوط تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ 
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ عالمی امن و سلامتی کو مستحکم کرنے والی تدابیر پر بھی بات چیت کی گئی ہے۔
ملاقات کے بعد انڈین وزیر خارجہ جے شنکر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’افغانستان، خلیج اور انڈوپیسفک پر مفید تبادلہ خیال ہوا۔‘

کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے کوششوں کا بھی جائزہ لیا ہے(فوٹو ایس پی اے)

دونوں ملکوں کے وزرا نے کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں سعودی عرب اور انڈیا کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔ 
انڈیا کے وزیر خارجہ نے کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں انڈیا کی مدد پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
مذاکرات کے دوران سعودی وژن 2030 کے تناظر میں دونوں دوست ملکوں کی اقتصادی شراکت کو مستحکم بنانے کے طریقے بھی زیر بحث آئے۔

عالمی امن و سلامتی کو مستحکم کرنے والی تدابیر پر بھی بات چیت کی گئی۔(فوٹو ایس پی اے)

علاوہ ازیں دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھانے، اقتصادی و سیاسی شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون گہرا کرنے کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات میں کرہ ارض کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی بین الاقوامی کوششوں خصوصا سعودی ولی عہد کے گرین سعودی عرب اور گرین مشرق وسطی اقدامات کے اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ 
اس موقع پر دہلی میں متعین سعودی سفیر ڈاکٹر سعود الساطی  اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔
عرب نیوز کے مطابق انڈین وزیر خارجہ نے اتوار کو اپنے سعودی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کی جس میں باہمی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں، کورونا وائرس کے چیلنجوں سے نمٹنے اور افغانستان میں سیاسی پیش رفت پر ’بہت مفید’ موقف کا تبادلہ شامل ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں پیر کو ان کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
کورونا وبا اور سفری پابندیوں کے بعد یہ کسی اعلی سعودی عہدیدار کا پہلا دورہ ہے۔
نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے بعد اتوار کو ایک ٹویٹ میں انڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ  ملاقات خوشگوار اور نتیجہ خیز رہی۔

شیئر: