Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جی 20 سعودی صدارت میں کیے جانے والے اقدامات کو جاری رکھے ہوئے ہے‘

رواں برس جی 20 کی صدارت اٹلی کے پاس ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے وزیر کامرس ماجد بن عبداللہ القصابی نے اٹلی میں ہونے والی جی 20 کے وزرا کی ملاقات میں سعودی وفد کی سربراہی کی۔
ایس پی اے کے مطابق یہ میٹنگ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جی 20 کی طرف سے کی جانے والی مسلسل کوششوں کا حصہ تھی۔
بداللہ القصابی نے کہا کہ 'جب گذشتہ برس سعودی عرب نے جی 20 کی صدارت کی تو اس نے کورونا کی وبا کو سامنے رکھتے ہوئے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مستقبل کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مرکزی کردار ادا کیا جس سے عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کی بہتری ہوئی۔'
رواں برس جی 20 کی صدارت اٹلی کے پاس ہے اور وہ ممبر ممالک سے اپیل کر رہا ہے کہ وہ مزید اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو جاری رکھیں۔
ماجد بن عبداللہ القصابی نے کہا کہ سعودی عرب ریاض انیشیٹو کے تحت ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کی اصلاحات کے لیے کی جانے والی کوششوں کی پر زور حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاض انیشیٹو کثیر الجہتی تجارت کے نظام کے مقاصد اور اصولوں پر بات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومتیں معاشی بحالی کے لیے مضبوط اور موثر اقدامات کریں۔ مثال کے طور پر کورونا کو سامنے رکھتے ہوئے ڈیجیٹل ٹریڈ اور سروسز میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔

شیئر: