Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق امریکی وزیر خارجہ کولن پاؤل کورونا سے 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

کولن پاؤل پہلے سیاہ فام وزیر خارجہ تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق امریکی وزیر خارجہ اور جوائنٹ چیف آف سٹاف کولن پاؤل کورونا وائرس کی پیچیدگیوں کی وجہ سے 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ 
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کولن پاؤل کے خاندان نے کورونا وائرس کی پیچیدگیوں سے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
کولن پاؤل پہلے سیاہ فام وزیر خارجہ تھے۔
سوشل میڈیا پر ان کے خاندان نے ایک بیان میں لکھا کہ ’ہم نے ایک غیر معمولی اور پیار کرنے والا شوہر، والد، دادا اور ایک عظیم امریکی کو کھویا ہے۔‘
کولن پاؤل امریکہ کے فور سٹار جنرل اور جوائنٹ چیف آف سٹاف رہ چکے تھے جنہوں نے چار صدور کے ساتھ کام کیا۔
سی این این کے مطابق کولن پاؤل نے 2001 میں بش انتظامیہ کے وزیر خارجہ کا عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ 
سابق امریکی صدر بش نے ان کی نامزدگی کے بارے میں کہا تھا کہ ’جنرل پاؤل امریکی ہیرو اور امریکہ کے لیے عظیم مثال ہیں۔‘
وہ ملک کے اب تک سب سے اعلیٰ سیاہ فام سرکاری عہدیدار تھے۔
کولن پاؤل پانچ اپریل 1937 کو نیویارک میں ایک جمیکن تارکین وطن کے گھر پیدا ہوئے تھے۔
انہوں نے ابتدائی تعلیم نیویارک ہی میں حاصل کی۔ جون 1958 گریجویشن کے بعد وہ امریکی فوج سیکنڈ لیفٹیننٹ بھرتی ہوئے تھے۔ 
سیاست میں آنے کے بعد کولن پاؤل افغانستان اور عراق پر امریکی حملوں کے دوران وزیر خارجہ تھے۔
کولن پاؤل 2001 سے 2005 تک امریکہ کے وزیر خارجہ رہے۔ 

شیئر: