Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلپائنی صدر اپنے شہریوں کی مہمان نوازی اور تعاون پر سعودی حکومت کے شکرگزار

روڈریگو ڈوٹرٹے نے کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانے کے منتظر ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹرٹے نے منیلا میں نئے سعودی سفیر کا استقبال کیا اور مملکت میں فلپائنی شہریوں کی مہمان نوازی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
عرب نیوز کے مطابق نئے سعودی سفیر ہشام بن سلطان القحطانی نے بدھ کے روز فلپائن کے صدر کو اپنی اسناد تقرر پیش کیں۔
روڈریگو ڈوٹرٹے نے صدارتی محل میں لائیو سٹریم تقریب کے دوران سعودی سفیر سے کہا کہ ’تقریباً 10 لاکھ فلپائنیوں کی مہمان نوازی اور مفت کورونا ویکسینیشن کے لیے میں سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
فلپائنی صدر نے سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مملکت میں پھنسے ہوئے سینکڑوں فلپائنی ورکروں کو کورونا وبا کے دوران واپس بھیجا۔
انہوں نے کہا کہ ’جون میں 645 پریشان فلپائنی شہریوں کی وطن واپسی سعودی عرب میں مقیم فلپائنی ورکروں کی فلاح و بہبود کو برقرار رکھنے میں دونوں ممالک کے درمیان جاری شراکت کو ظاہر کرتی ہے۔‘
’میں پرامید ہوں کہ عزت ماب ہمارے دو طرفہ تعلقات کے اس اہم ترین ستون کو مضبوط کرتے رہیں گے۔‘
روڈریگو ڈوٹرٹے نے کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھانے کے منتظر ہیں، خاص طور پر ہشام بن سلطان القحطانی کے دور میں تجارت اور سرمایہ کاری میں۔
’ہم امید کرتے ہیں کہ آپ کے دور میں فلپائن اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ نقل و حمل اور سفری تعاون میں بھی بہتری آئے گی۔‘
سعودی عرب فلپائن کو کورونا وبا سے نمٹنے اور مراوی شہر کی تعمیر نو میں مدد فراہم کرتا رہا ہے، جس کو روڈریگو ڈوٹیرٹے نے سراہا ہے۔

شیئر: