Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معافی کے بعد ڈی کوک نے گھٹنا بھی ٹیک دیا

ورلڈ کپ میں شریک کھلاڑی گھٹنے ٹیک یا سینے پر ہاتھ رکھ کر نسل پرستی کے خلاف علامتی اظہار کرتے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
ٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقن کرکٹر کوئنٹن ڈی کوک نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ نہیں کھیلا تو اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ وہ ’بلیک لائیوز میٹر‘ تحریک سے اظہار یکجہتی کے لیے گھٹنا ٹیکنے سے انکاری ہیں۔ کچھ روز بعد انہوں نے معاملے پر معافی مانگی تو کہا کہ ان کی سوتیلی والدہ اور بہنیں سیاہ فام ہیں، وہ نسل پرستی کی بابت سوچ بھی نہیں سکتے۔
سنیچر کو سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے جنوبی افریقی ٹیم میدان میں اتری تو ڈی کوک نے دیگر کھلاڑیوں کی طرح گھٹنا ٹیکا اس منظر کو خصوصی توجہ سے دیکھا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی اپنے سوشل پلیٹ فامر پر یہ مناظر شیئر کیے تو ان پر ’نسل پرستی کے خلاف متحد‘ کا کیپشن سجایا۔

شائقین کرکٹ نے ڈی کوک کے گھٹنہ تیکنے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین ان کی جانب سے مانگی گئی معافی کے بعد اس عمل کو سراہتے رہے جب کہ کچھ ایسے بھی تھے جو ان کے چہرے پر موجود تاثرات کا حوالہ دے کر یہ دعوی کرتے رہے کہ وہ بادل نخواستہ باقی کھلاڑیوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔
گفتگو میں شریک افراد میں سے کچھ نے نسل پرستی کے خلاف تحریک کے مذاق بن جانے کا دعوی کیا تو کرکٹ کھیلنے پر توجہ دینے کی تجویز دے ڈالی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوبی افریقہ کے پہلے میچ میں اس وقت عجیب صورتحال پیدا ہوئی تھی جب یہ خبر سامنے آئی کہ ڈی کوک نے نسل پرستی کے خلاف اختیار کی گئی علامت کے طور پر گھٹنہ ٹیکنے سے انکار کر دیا ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے دوران جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو میدان میں گھٹنا ٹیکنے کو کہا تو وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کوک نے ’ذاتی وجوہات‘ کو بنیاد بناتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔
کوئنٹن ڈی کوک کے میچز میں عدم دستیابی کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا کیونکہ وہ پہلے بھی نسل پرستی کے خلاف احتجاج میں شریک ہونے سے انکار کرچکے ہیں۔
کچھ روز بعد کوئنٹن ڈی کوک کی جانب سے معاملے پر وضاحت جاری کی گئی۔ انہوں نے جہاں اپنے فیصلے کی وجوہات پر گفتگو کی وہیں سابقہ عمل پر معذرت کا اظہار بھی کیا تھا۔
ڈی کوک نے معافی مانگتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’میں اپنے ٹیم کے ساتھیوں اور اپنے ملک میں مداحوں سے معذرت کرنا چاہوں گا۔ اگر میرے گھٹنا ٹیکنے سے دوسرے کچھ سیکھتے ہیں اور لوگوں کی زندگی بہتر ہوتی ہے تو مجھے ایسا کرنے پر خوشی ہوگی۔‘

ڈی کوک نے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کو مخاطب کر کے معافی مانگی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

’سنیچر کو سری لنکا کے خلاف ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

شیئر: