Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں دھند، ہائی وے کے سفر سے گریز کی ہدایت

’الاحسا، البطحا، العبیلہ اور سلوی میں آج منگل کو صبح 8 بجے تک شدید دھند چھائی رہی‘ (فوٹو: طقس العرب)
مشرقی ریجن کی روڈ سیکیورٹی فورس نے ہائی وے کا سفر کرنے والوں کو انتباہ کیا ہے کہ رات سے صبح 8 بجے تک دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی متاثر ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق روڈ سیکیورٹی فورس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ اوقات کے دوران ہائی وے کے سفر سے گریز کیا جائے۔
ادارے نے کہاہے کہ ’الاحسا، البطحا، العبیلہ اور سلوی میں آج منگل کو صبح 8 بجے تک شدید دھند چھائی رہی‘۔
’یہ صورتحال کل بدھ کی صبح بھی ہوگی جس کے باعث ہائی وے کا سفر انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن سمیت مکہ مکرمہ کی متعدد کمشنریاں صبح 8 بجے تک دھند کی لپیٹ میں ہوں گی‘۔
’مکہ مکرمہ ریجن میں القنفذہ اور اللیث سب سے زیادہ دھند کی زد میں ہیں جبکہ ریجن کے تمام ہائی ویز پر رات سے صبح تک دھند رہے گی‘۔

’مشرقی ریجن سمیت مکہ مکرمہ کی متعدد کمشنریاں صبح 8 بجے تک دھند کی لپیٹ میں ہوں گی‘ (فوٹو: ٹوئٹر)

دریں اثنا محکمے نے کہا ہے کہ ’تبوک، حائل، الجوف اور شمالی حدود میں آج معمول کے برخلاف مطلع صاف رہے گا جبکہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’بحیرہ احمر میں شمال مغربی ہوا چلے گی جس کی رفتار 10 سے 32 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ ایک سے ڈیڑھ میٹر اونچی موجیں ہوں گی‘۔
’اسی طرح خلیج عرب میں ہوا کی رفتار 10 سے 30 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ ایک میٹر تک اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔

شیئر: