Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلا ٹی20 انٹرنیشنل: کیا بنگالی بولنگ بابر اور رضوان کو روک پائے گی؟

محمد رضوان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آج پاکستان اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعہ کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں 12 ہزار پانچ سو سے زائد کرکٹ شائقین ٹی 20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹسمین اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی مشہور کور ڈرائیوز سے محظوظ ہو سکیں گے۔
پانچ سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان بنگلہ دیش میں کوئی دو طرفہ سیریز کا میچ کھیلے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل 12 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔
جن میں سے 10 میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ دو میں بنگلہ دیش کامیاب رہا۔
بنگلہ دیش نے جن دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی وہ دونوں اسی کی سرزمین پر کھیلے گئے تھے۔ لہٰذا اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گئے چار ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف جیت کا تناسب 50 فیصد ہے۔
دوسری جانب کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کے لیے 12 رکنی قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، خوشدل شاہ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک۔

بنگلہ دیش نے آج تک صرف دو میچز میں پاکستان کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

شعیب ملک اس طرز کی کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جانب سے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بھی ہیں۔ وہ حریف ٹیم کے خلاف 34.66 کی اوسط سے 208 رنز بنا چکے ہیں، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم ٹی 20 میچز کی صرف 62 اننگز میں دنیا کے تیز ترین 2500 رنز بنانے والے بیٹمسین بن گئے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کے وراٹ کوہلی نے 68 اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کر رکھا تھا۔
دوسری جانب محمد رضوان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 23 میچز میں 86.08 کی اوسط سے 1033 رنز بنا رکھے ہیں۔ اس میں ان کی ایک سنچری اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

شیئر: