Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اومی کرون، سٹاک ایکسچینج میں مندی، آڈیو لیکس اور سری لنکن شہری کی ہلاکت سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی خبریں

حکام کے مطابق کلینکل ٹرائلز کی کامیابی کی صورت میں کورونا ویکسین کی قلت کا مسئلہ درپیش نہیں ہوگا (فوٹو اے ایف پی)
کورونا ویرئینٹ اومی کرون، سٹاک ایکسچینج میں مندی، آڈیو لیکس، ای وی ایم کے تحت الیکشن، نور مقدم کیس اور سری لنکن شہری کی ہلاکت پاکستان میں گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں رہیں۔
’کورونا کے نئے ویریئنٹ کو روکنا ممکن نہیں، حل ویکسینیشن ہے‘
کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کے بارے میں پاکستان کے وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ اس کے پھیلاؤ کو روکنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے لیکن اس کو کم کرنے کا ایک حل ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ویکسین لگوائی جائے۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، سال کی سب سے بڑی کمی

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو کاروبار کے دوران شدید مندی کا رجحان رہا۔ کاروبار کے اختتام پر بنچ مارک کے ایس سی 100 انڈکس میں 2135 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ رواں سال کی ایک دن کی سب سے بڑی کمی ہے۔
گذشتہ روز کے مقابلے میں مارکیٹ میں 4.7 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

سب کچھ رانا شمیم کے اصل حلف نامے پر منحصر ہے: ہائی کورٹ

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار  کے حوالے سے ان کا حلف نامہ سِیلڈ تھا اور انہیں نہیں معلوم کہ کیسے باہر گیا جبکہ انہوں نے کسی صحافی کو بھی نہیں دیا تھا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سات دن میں انہیں اصل حلف نامہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

’الیکشن کمیشن ای وی ایم پر انتخابات نہیں کرا سکتا تو فنڈز بھی نہیں ملیں گے‘

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ آئندہ تمام ضمنی الیکشنز الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے کرانا لازمی ہیں۔ اگر الیکشن ای وی ایم کے ذریعے نہیں ہوتے تو ایک نقطہ نظر یہ ہے کہ حکومت اس کو فنڈ نہیں کرسکے گی کیونکہ قانون صرف ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کو مانتا ہے۔‘
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

’ظاہر جعفر ذہنی مریض ہیں‘، ملزم کے میڈیکل ٹیسٹ کے لیے درخواست دائر  

نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم کے وکیل کی جانب سے ظاہر جعفر کی ذہنی حالت جانچنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
وکیل سکندر ذوالقرنین سلیم کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ مرکزی ملزم ظاہر جعفر منشیات کے استعمال کے باعث طویل عرصے سے شیزوافیکٹیو نامی ذہنی بیماری میں مبتلا ہیں اور جس دن انہیں گرفتار کیا گیا اس وقت بھی وہ اسی کیفیت میں مبتلا تھے۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

این اے 133: ’ووٹ خریدنے‘ کا الزام، پیپلز پارٹی بھی الیکشن کمیشن میں

پاکستان کے شہر لاہور کے حلقہ این اے 133 میں الیکشن سے قبل مبینہ طور پر ووٹ خریدنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گذشتہ روز سے ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ حلقہ این اے 133 کے الیکشن کے لیے لگائے گئے ن لیگی کیمپ کی ہے جہاں ووٹ ’خریدے‘ جا رہے ہیں۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

پاکستان کی جنوبی افریقہ سمیت چھ ممالک سے پروازوں پر پابندی

کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد پاکستان نے چھ ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
سنیچر کو پاکستان میں کورونا وائرس پر کنٹرول کرنے کے لیے قائم ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 'نئے ویریئنٹ کے خطرے کی وجہ سے جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو، اور بوٹسوانا کو کیٹگری سی میں شامل کر لیا گیا ہے۔'
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

ن لیگ اور پی ٹی آئی کے دور میں کس میڈیا گروپ کو کتنے حکومتی اشتہارات ملے؟

حکومت نے میڈیا کو اشتہارات دینے کے حوالے سے مریم نواز کی مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آنے کے بعد گزشتہ آٹھ سالوں میں مختلف ٹی وی چینلز اور اخبارات کو دیے گئے سرکاری اشتہارات کی تفصیل جاری کر دی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں وزارت اطلاعات کی جانب سے مسلم لیگ ن دور اور موجودہ حکومت کے تین سالوں کے دوران دیے گئے سرکاری اشتہارات کی تفیصل پیش کی۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

 

سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار

پاکستان کے صوبہ سندھ کی اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی نے سپریم کورٹ کے حکم پر نیب کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے۔
آغا سراج درانی نے سپریم کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی جس کی سماعت کے دوران عدالت نے انہیں نیب کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

موٹروے پر دھند میں متعدد گاڑیاں ٹکرانے سے 25 افراد زخمی

لاہور، اسلام آباد موٹر وے پر تین مقامات پر دھند کے باعث گاڑیاں ٹکرانے سے 25 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 17 شدید زخمی ہیں۔
منگل کو پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ حادثات کالا شاہ کاکو M2 موٹروے، قلعہ ستار شاہ اور خانپور موٹروے کے مقام پر دھند کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے پیش آئے۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

سیالکوٹ میں سری لنکن شہری ہجوم کے ہاتھوں قتل، ’مرکزی ملزم‘ سمیت 100 گرفتار

سیالکوٹ میں حکام کے مطابق وزیرآباد روڈ پر ایک نجی فیکٹری کے ورکرز نے توہین مذہب کے الزام میں ایک فیکٹری کے غیر مسلم غیر ملکی مینیجر پرانتھا کمارا کو تشدد کرکے قتل کیا اور آگ لگا دی۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 100 سے زائد افراد کو حراست میں لیا ہے۔
جمعے کو سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی فوٹیج میں ایک شخص کی جلتی ہوئی نعش کو دیکھا جاسکتا ہے جس کے اردگرد بڑی تعداد میں لوگ نظر آرہے ہیں۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کے نظام کو موثر اور فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق جمعے کو وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ایوب آفریدی کو یہ ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیز ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

گوادر میں خواتین کی ’تاریخی‘ ریلی، غیر قانونی ماہی گیری بند کرنے کا مطالبہ

بلوچستان کے ساحلی شہرگوادر میں ہزاروں خواتین نے سڑکوں پر نکل کر غیر قانونی ماہی گیری سمیت دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
مبصرین کے مطابق گوادر ہی نہیں بلوچستان کی تاریخ میں خواتین نے کبھی اتنی بڑی تعداد میں کسی سیاسی اجتماع میں شرکت نہیں کی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھی گوادر میں خواتین کی ریلی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

پاکستان میں کورونا ویکسین کے ’مِکس اینڈ میچ‘ کلینیکل ٹرائلز کا آغاز

پاکستان کے ادارہ برائے قومی صحت نے کورونا ویکسین کے ’مِکس اینڈ میچ‘ کلینیکل ٹرائلز کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے تحت ایسٹرازینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو بائیو کی تیار کردہ کورونا ویکسینز کی مختلف خوراکیں دی جائیں گی۔ 
قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے ایک ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان میں مِکس اینڈ میچ کلینیکل ٹرائلز قومی ادارہ برائے صحت اور آغا خان یونیورسٹی کی زیر نگرانی کیے جائیں گے جس میں آکسفورڈ یونیورسٹی، ہارورڈ میڈیکل سکول سے اشتراک کیا جائے گا۔‘ 
مزید تفصیل کےلیے یہاں کلک کریں

شیئر: