Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کل سے پیر تک کہاں کہاں بارش ہوگی 

تبوک ریجن میں برفباری کا بھی امکان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
موسمیات کے  قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ سنیچر اور اتوار کو تبوک کے بالائی مقامات پر برفباری ہوگی اور کل جمعہ سے پیر تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا قوی امکان ہے- 
عاجل اور اخبار 24 کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کل بروز جمعہ  سے پیر تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں مسلسل بارش کا امکان ہے- 
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ جمعے کو درمیانے درجے جبکہ سنیچر اور اتوار کو موسلادھار بارش ہوگی- 
قومی مرکز نے توجہ دلائی کہ مکہ مکرمہ، القنفذہ، اللیث، اضم، میسان، طائف، تربہ، الخرمۃ، رنیہ، الباحہ، بلجرشی، المندق، الحجرۃ، قلوۃ اور المخواۃ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، ژالہ باری کا بھی امکان ہے- 

بعض مقامات پرمسلسل بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)

قومی مرکز نے یہ توقع بھی ظاہر کی ہے کہ جازان، القصیم، ریاض اور الشرقیہ صوبے بھی بارش اور ژالہ باری کی زد میں  رہیں گے جبکہ  سنیچر  اور اتوار کو مملکت کے شمالی صوبے تبوک کے بالائی مقامات خصوصا جبل اللوز، علقان اور الزیتہ میں برفباری ہوگی- 
قومی مرکز نے توقع ظاہر کی ہے کہ پیر کے روز مملکت کے کئی علاقوں میں بوندا باندی ہوتی رہے گی- اس کی وجہ سے  درجہ حرارت  کافی حد تک کم ہوجائے گا- 
الاخباریہ چینل کے مطابق قومی مرکز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ القصیم اور ریاض ریجنوں میں خاص طور پر بڑے پیمانے پر زیادہ تیز بارش ہوگی-
اس کا امکان ہے کہ درجہ حرارت آئندہ ہفتے کے آخر میں نقطہ انجماد سے نیچے چلا جائےگا- 
شہروں کے باہر سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا- قومی مرکز نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے عسیر ریجن کے ساحلی مقامات اور جنوبی نیز جنوب مغربی بالائی مقامات پر سیلاب کا خدشہ ہے- مشرقی علاقہ جات اور شمال مشرقی ساحلوں پر واقع مقامات بھی سیلاب کی زد میں آسکتے ہیں- 

شیئر: