Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان، امارات کا دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات میں قیام کے دوران ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی اور دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔ 
ان کا وزیراعظم بننے کے بعد متحدہ عرب امارات کا بھی پہلا دورہ تھا۔ بیان کے مطابق ’مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں راہنماﺅں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔‘
’باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت کثیرالقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لیے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم پاکستان کو یقین دلایا۔انہوں نے متحدہ عرب امارات میں رہائش پزیر پاکستانیوں کی جانب سے یہاں کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اُس وقت یہاں تھے جب دوسرے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے۔‘
ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے عوامی فلاح کے لیے دونوں برادر اقوام کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات -پاکستان امدادی پروگرام کے تحت اپنے ملک میں انسانی ہمدردی کے منصوبے شروع کرنے اور کورونا وبا کے دوران اسلام آباد کو اہم مدد فراہم کرنے پر امارات کے رہنماؤں کی تعریف کی۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے سنیچر کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملاقات کی تھی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کےمطابق ’دونوں رہنماوں نے پاکستان اور امارات کے درمیان تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا۔علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔
ابوظبی کے ولی عہد نے ملاقات میں مستقبل میں پاکستان کی مزید ترقی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔

شیئر: