Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے سابق وزیرخارجہ سردار آصف احمد علی انتقال کر گئے

ان کی نماز جنازہ جمعے کو ان کی رہائش گاہ احمد ٹاون رائیونڈ روڑ لاہور میں ادا کی جائے گی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور تحریک انصاف کے رہنما سردار آصف احمد علی  انتقال کر گئے ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق سردار آصف احمد علی عارضہ قلب کے باعث لاہور کے نجی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔  
رات ساڑھے 10 بجے حرکت قلب بند ہونے سے ان کا انتقال ہوا۔
ان کی نماز جنازہ جمعے کو ان کی رہائش گاہ احمد ٹاون نزد کچی کوٹھی رائیونڈ روڑ لاہور میں ادا کی جائے گی۔
سردار آصف احمد علی پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن رہ چکے ہیں۔
آصف احمد علی نے 1981 میں عملی سیاست کا آغاز جنرل ضیاء الحق کی مجلس شوری سے کیا۔ 1985ء میں قصور سے غیر جماعتی انتخابات میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 1990ء میں آزاد امیدوار کے طور پر آئی جے آئی کی حمایت سے قومی اسمبلی کے رکن بنے اور میاں نواز شریف کی مرکزی کابینہ میں وزیر مملکت برائے اقتصادی امور مقرر ہوئے۔
 1993 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ جونیجو گروپ کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی کابینہ میں بطور وزیر خارجہ شامل ہوئے۔
2008ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد ڈپٹی چیرمین پلانگ کمشین مقرر ہوئے۔
انہوں نے 2011 میں تحریک انصاف کو جوائن کیا تھا مگر بعد ازاں ٹکٹ کے معاملے پر انہوں نے پارٹی سے استعفی دے دیا۔ تاہم 2017 میں وہ دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے تھے۔
 

شیئر: