Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین انتظامیہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کا تاریخی اعلان متوقع 

نوجوان عہدیداروں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
 حرمین شریفین  انتظامیہ کے ڈھانچے میں آئندہ ہجری سال کے دوران مسجدالحرام اور مسجدِ نبوی کی خدمات میں خواتین زیادہ اہم کردار کریں گی اور اس کا اعلان آئندہ ہجری سال کے آغاز پر یکم محرم کو کیا جا رہا ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے جمعرات کو بتایا کہ آئندہ ھجری سال 1444 کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی خدمات میں خواتین زیادہ  اہم کردارادا کریں گی۔ اہل سعودی نوجوانوں کو بھی زائرین کی خدمت کا زیادہ سے زیادہ موقع دیا جائے  گا۔
حرمین ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹرشیخ السدیس نے مزید کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ کے ڈھانچے میں نئی اہم انتظامی تبدیلیوں سے اہل سعودی نوجوانوں کو زائرین کی خدمت کے حوالے سے سرخرو ہونے کے زیادہ مواقع دیے جائیں گے اورنوجوان عہدیداروں کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔  
ڈاکٹر السدیس  نے کہا کہ مسجد الحرام کی زائر خواتین کے حوالے سے سعودی خواتین کا کردار بہت اہم ہے۔ یہ زائر خواتین کی خدمت اخلاص اور ایثار کے ساتھ کررہی ہیں۔ نیز سعودی وژن 2030 سے ہم آہنگ مطلوبہ قائدانہ عمدہ کردار اورانتھک محنت کا مظاہرہ کررہی  ہیں۔  

حرمین انتظامیہ کے ماتحت ایجنسیوں میں اہل سعودی نوجوان ماہرانہ کردار ادا کررہے ہیں(فوٹو ایس پی اے)

ڈاکٹر السدیس نے مزید کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت ایجنسیوں میں اہل سعودی نوجوان ماہرانہ کردار ادا کررہے ہیں۔  اس حوالے سے ان کی سرپرستی اہم ہے۔  
ڈاکٹر السدیس نے زائرین کی خدمت میں معاون ہر اقدام کی حمایت پر اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: