Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابینہ کا اجلاس، امن کی بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ

سعودی کابینہ نے سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کے لیے مختلف اداروں کی اقتصادی کوششوں کو سراہا ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق منگل کو جدہ کے قصرالسلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں گزشتہ دنوں متعدد ممالک کے ساتھ سعودی عرب کے مذاکرات کا جائزہ لیا گیا۔
بنگلہ دیشی صدر اور کوسٹا ریکا کے صدر کی جانب سے شاہ سلمان اور ولی عہد کو ملنے والے مکتوبات اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ٹیلیفونک رابطے کا خاص طور پر تذکرہ کیا گیا۔ 
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا کہ ’کابینہ نے خطے کے تازہ حالات، خطے کے امن و تحفظ اور خطے کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا ہے‘۔
 کابینہ نے مختلف شعبوں میں ملکی پیداوار کی افزائش اور قومی پیداوار پر اقتصادی اثرات کے فروغ کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ 
اجلاس میں کہا گیا کہ’ زراعت کے شعبے نے 72 ارب ریال سے زیادہ کی آمدنی حاصل کرکے ریکارڈ تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ زراعت کے شعبے نے گزشتہ برس کے مقابلے میں 7.8 فیصد تک شرح نمو ریکارڈ کرائی ہے‘۔
کابینہ نے ایجنڈے پر درج موضوعات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ مجلس شوری میں زیر بحث آنے والے موضوعات نیز اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل، سیاسی و سلامتی امور کونسل، منسٹرز کونسل، پبلک کمیٹی اور کابینہ کے ماتحت ماہرین بورڈ کی قراردادیں اور سفارشات بھی زیر بحث آئیں۔ 
کابینہ نے سعودی عرب اور برونڈی کے درمیان گھریلوعملے اور روزگار کے شعبے میں دومعاہدوں کی بھی منظوری دی۔

کابینہ نے کارکنان کی استعداد بڑھانے سے متعلق پروگرام کو منظم کرنے کی بھی منظوری دی ہے(فوٹو ایس پی اے)

کابینہ نے وزیرخارجہ کو جی سی سی ہیلتھ کونسل کے ساتھ ہیڈکوارٹر کا پروجیکٹ تیار کرنے کے لیے مذاکرات اور معاہدے کا اختیارتفویض کیا ہے۔ 
کابینہ نے وزیر ثقافت کو ثقافت کے شعبے میں تعاون  کی مفاہمتی یادداشت کے لیےعالم اسلام کی تنظیم برائے تربیت و سائنس و ثقافت (ایسسکو) کے ساتھ مذاکرات اور انہیں عرب تنظیم برائے تربیت و ثقافت و سائنس (الکسو) کے ساتھ ٹرانسلیشن عرب سرچ پروجیکٹ کے لے مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات کے اختیارات تفویض کیے۔ 
کابینہ نے بحرین کے ساتھ شاہراہوں کی اصلاح و مرمت اور دونوں ملکوں کی ٹرانسپورٹ کی وزارتوں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے مستقبل کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر مذاکرات اور دستخط کا اختیار تفویض کیا۔ 
 ملٹری یونیفارم کی فراہمی اور تحفظ کے ضوابط کی منظوری دی گئی ہے۔ 
کابینہ نے کارکنان کی استعداد بڑھانے اور ایگریمنٹ پر کام کرنے والوں سے متعلق پروگرام کو منظم کرنے والے قواعد و ضوابط کی بھی منظوری دی۔ 

شیئر: