انڈونیشیا میں ہونے والی ہلاکتوں پر سعودی قیادت کا اظہار افسوس
’سعودی قیادت نے انڈونیشی صدر جوکو ویدودو کو تعزیتی مکتوب روانہ کیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے دوران ہونے والے حادثے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت نے انڈونیشی صدر جوکو ویدودو کو تعزیتی مکتوب روانہ کیا ہے۔
انڈونیشی صدر کے نام روانہ کئے گئے مکتوب میں شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ’فٹبال میچ کے دوران ہونے والے افسوسناک حادثے کی ہمیں اطلاع ملی ہے‘۔
’حادثے کے باعث ہلاک ہونے والوں کے اعزہ سے اظہار تعزیت اور زخمی ہونے والوں کے لیے جلد شفایابی کی امید رکھتے ہیں‘۔
اسی طرح کا مکتوب انڈونیشی صدر کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے روانہ کیا گیا ہے ۔
ولی عہد نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ ’حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں‘۔
ولی عہد نے کہا ہے کہ ’ہم امید رکھتے ہیں کہ جو لوگ زخمی ہوئے وہ جلد صحت یاب ہوں‘۔