Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

99ممالک پر سائبر حملے، تاوان کا مطالبہ

لندن .... امریکہ، برطانیہ، چین، روس اور اٹلی سمیت 99 ممالک کے مختلف اداروں کو شدید سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس میں ہزاروں مقامات پر کمپیوٹر لاک ہو گئے۔سائبر حملوں میں ملوث افراد ان اداروں کے کمپیوٹر کھولنے کیلئے تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کمپیوٹر ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بہت بڑا حملہ ہے۔ برطانیہ کا ادارہ صحت این ایچ ایس بھی اس حملے کا نشانہ بنا ہے۔سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں روس شامل ہے۔ برطانیہ میں تو رات گئے سے تمام اسپتال مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ بے شمار آپریشن منسوخ کردیئے گئے ہیں اور مریضوں کو گھر واپس بھیج دیا گیا ہے۔قومی ادارہ صحت نے مریضوں سے کہا ہے کہ وہ صرف ایمرجنسی میں ہی آئیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ سائبر حملہ کرنے والوں نے امریکہ کی قومی سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کا سافٹ ویئر چوری کیا ۔ یہ سافٹ ویئر گزشتہ ماہ پراسرار گروپ ”شیڈو بروکرز“ نے آن لائن پر لیک کیا تھا۔ وزیراعظم تھریسا مے نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ انکے مریضوں کے تمام ریکارڈ محفوظ ہیں۔ ہیکرز کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ایک گھنٹے میں 50لاکھ ای میلز کے ذریعے یہ وائرس پھیلایا۔ ایک کمپیوٹر ماہر کو جسے سرکاری کمپیوٹرز سے ڈیٹا چرانے کے الزام میں امریکہ سے نکالے جانے کا سامنا ہے کہا کہ یہ سائبر اسلحہ امریکہ میں موجود جاسوسوں کے ایک بڑے سائبر گروپ نے ا ستعمال کیا ہے۔ این ایچ ایس برطانیہ میں متاثر ہونے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ این ایچ ایس کے کمپیوٹر، ایم آر آئی مشینیں اور ٹیلیفون اس حملے کو پھیلنے سے روکنے کیلئے بند کردیئے گئے۔ عملے کا کہناہے کہ کمپیوٹر ایک کے بعد ایک بند ہورہے ہیں جبکہ ڈاکٹرز دوبارہ قلم اور کاغذ کا سہارا لینے پر مجبور ہوگئے۔ برطانوی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سائبر حملے میں مشرقی یورپ یا روس کا کوئی گینگ ملوث ہے۔ ہم گزشتہ کئی ماہ سے قومی ادارہ صحت پر اس قسم کے سائبر حملے کے بارے میں آگاہ کرتے رہے تھے۔ ہیکرز نے دھمکی دی ہے کہ اگر 3دن کے اندر بھاری معاوضہ نہ دیا گیا تو وہ اسکی رقم بڑھا کر دگنی کردیں گے اور اگر ایک ہفتے میں بھی رقم ادا نہ کی گئی تو سارے اعدادوشمار کا صفایا کردیا جائیگا۔ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا کہ اس سے کتنے کمپیوٹر متاثر ہوئے ہیں لیکن برطانوی صحت ادارے کے 14لاکھ ملازمین ضرور متاثر ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت تاوان میں ایک پیسہ بھی نہیں دیگی۔جرمنی میں ریلوے نظام بھی متاثر ہوا ہے۔روس میں وزارت داخلہ کے ایک ہزار سے زائد کمپیوٹر متاثر ہوئے ہیں تاہم ذرائع نے کہا کہ کوئی اطلاع لیک نہیں ہوئی۔ اسپین میں موبائل فون متاثر ہیں۔وہاں بڑی کمپنیوں نے ایک وارننگ کے بعد ہی اس قسم کے حملے کو ناکام بنانے کے اقدامات شروع کردیئے تھے اسلئے وہاں اتنا زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

شیئر: