سعودی وزیر حج سے سردار محمد یوسف کی ملاقات، حج سہولیات اور آئندہ انتظامات پر تبادلہ خیال
پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کی، جس میں حج انتظامات، حجاج کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور آئندہ حج کی تیاریوں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سردار محمد یوسف نے بہترین حج انتظامات پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشاعر مقدسہ میں حجاج کے لیے نت نئی سہولیات کے اقدامات خوش آئند ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بسوں کے ڈراپ پوائنٹس پر تمام ممالک کے حجاج کے لیے مناسب جگہ فراہم کی جائے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ حرم ٹرانسپورٹ نظام میں مزید اصلاحات لائی جا رہی ہیں جبکہ آئندہ سال حجاج کی تعداد کے مطابق ڈراپ پوائنٹس کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مزدلفہ میں ٹرین استعمال کرنے والے حجاج کے لیے ٹوائلٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مکہ کی رہائشی عمارتوں کو مطلوبہ معیار کے مطابق بنانے کے لیے بھی اصلاحات جاری ہیں۔
ڈاکٹر توفیق بن ربیعہ نے کہا کہ حج 2027 کے انتظامات ایامِ حج کے فوری بعد شروع کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان حج مشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مشن محنت اور مستعدی سے کام کر رہا ہے اور وقت پر معاہدات مکمل کرنے پر مبارکباد کا مستحق ہے۔ ملاقات میں سعودی نائب وزیر حج و عمرہ حسن مناخرہ، سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈائریکٹر جنرل حج عبد الوہاب سومرو سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔
