Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

این آر آئیز کے غیر ملکی بینک اکاؤنٹس پر انکم ٹیکس کی نظر

ممبئی۔۔۔۔برسوں سے متعدد ہندوستانی ٹیکس سے بچنے اور اپنے پیسے کو قانونی قرار دینے کیلئے ہر سال 182دن ملک سے باہر رہتے ہیں اور خود کو این آر آئی قراردیتے ہیں۔یوں این آر ہونے کے ناتے وہ اپنی رقم بیرون ملک بینک اکاؤنٹس میں رکھنے کے مجاز ہیں لیکن اب ایسا کرنا ان کیلئے آسان نہیں ہوگا۔انکم ٹیکس حکام نے ٹیکس ریٹرن فارم (آئی ٹی آر ٹو ) کی نئی شق جاری کی ہے جس میں این آر آئیز کو بھی ہند سے باہر اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کا انکشاف کرنا ہوگا۔بہت سے این آر آئیز ہند میں اپنے ٹیکس گوشوار ے داخل کرتے ہیں اور اسٹاک ایکسچینج ، پراپرٹی اور فکسڈآمدنی ظاہر بھی کرتے ہیں لیکن اب انہیں اوورسیز بینک اکاؤنٹ نمبر بھی دینا ہوگا۔یہ بھی بتانا ہوگا کہ کس ملک میں ان کے بینک اکاؤنٹس ہیں۔ انہیں سویفٹ کوڈ اور انٹر نیشنل بینک اکاؤنٹ نمبر ( IBAN) کا ذکر کرنا ہوگا۔ سویفٹ کوڈ کی مدد سے ان بینکوں کا پتہ چلانے میں مدد ملے گی اور بینکوں کے درمیان فنڈز کے ٹرانسفر کا بھی علم ہوسکے گا جبکہ آئی بی اے این کے ذریعے وہ بین الاقوامی ادائیگی کرنے یا وصول کرنے سے بھی آگاہی حاصل کرسکیں گے۔دریں اثناء حکومت کے اس فیصلے پرسینیئر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت باہر کی کمائی پر ٹیکس نہیں لگا سکتی تو اسے یہ سب تفصیلات معلوم کرنے کی کیا ضرورت ہے کیونکہ ابتک تو صرف ہند میں ہی رہنے والوں کو اپنے ٹیکس گوشواروں میں اوورسیز بینک اکاؤنٹ کا انکشاف کرنا ہوتا ہے۔

شیئر: