Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق کپتان اظہر الدین کی ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے واجبات کی ادائیگی کیلئے درخواست

  حیدرآباد دکن : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین نے انڈین کرکٹ بورڈ سے اپنے واجبات طلب کئے ہیں۔اظہر الدین مبینہ میچ فکسنگ کے الزام میں تا حیات پابندی کا شکار رہ چکے ہیں تاہم2012ءمیں آندھرا پردیش ہائیکورٹ نے ان پر کرکٹ بورڈ کی جانب سے عائد پابندی کو غیر قانونی اور ناقابل قبول قرار دے دیا تھا۔عدالت کے واضح حکم کے باوجود بی سی سی آئی نے نہ تو اس کے خلاف اپیل کی اور نہ ہی پابندی کی خاتمے کے لئے کوئی اقدام کیا جس کے نتیجے میں اظہر الدین اس سال کے اوائل میںحیدر آباد کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخاب کےلئے بھی نا اہل قرار پائے تھے۔ اظہرالدین کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کے علاوہ سپریم کورٹ کی قائم کردہ انتظامی کمیٹی سے تحریری طور پر درخواست کی ہے کہ ان کے واجبات کا پیکیج کلیئر کیا جائے جس میں قومی ٹیم کے کپتان کے طور انہیں حاصل مراعات شامل ہیں۔سابق کپتان کا موقف تھا کہ چونکہ2012میں ہائیکورٹ انہیں بے گناہ قرار دے چکی ہے ا سلئے واجبات وصول کرنا ان کا حق ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی درخواست اور خاص طور سابق کپتان کے طور ان کے واجبات کا معاملہ بورڈ کے اجلاس میں اٹھایا جا ئے گا ۔اگر بورڈ نے انہیں واجبات دینے کا فیصلہ کیا تو اس کا حساب عدالت کی جانب سے ان کے حق میں فیصلے کی تاریخ سے کیا جائے گا۔ گزشتہ سال بورڈ نے انہیں اس تقریب میں بھی مدعو کیا تھا جو ہندوستانی ٹیم کے500ٹیسٹ مکمل ہو نے پر منعقد ہوئی اس میں اظہر الدین کے علاوہ دیگر سابق کپتانوں سچن ٹنڈولکر،کپل دیو، سنیل گواسکر، مہندر سنگھ دھونی اور روی شاستری کو اعزازات سے نوازا گیا تھا۔بورڈ کی طرف سے ان پر پابندی ختم کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل نہ کرنے کا ایک مطلب فیصلہ تسلیم کرنا بھی ہے اور ایک بورڈ عہدیدار کہہ چکے ہیں اگر اظہرالدین نے کچھ نہیں کیا تو انہیں واجبات کی ادائیگی ہونی چاہئے۔

شیئر: