ریاض.... لبنان میں شیعہ فرقے کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا سید علی الامین نے واضح کیا ہے کہ حج کو سیاسی رنگ دینے کی تحریک واجبِ مذمت ہے۔ حج کو سیاست کے لئے استعمال کرنے کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ حج جیسے اسلامی رکن کو سیاسی جھگڑوں اور مشاعر مقدسہ اور حج موسم کو سیاسی نعرے بازیوں کےلئے استعمال کرنا کسی طور جائز نہیں۔ انہوں نے العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ حج موسم میں لاکھوں مسلمان اسلامی اخوت کے رشتوں کی تقویت اور اتحاد و یکجہتی کےلئے جمع ہوتے ہیں۔ ایسے عالم میں بعض طاقتوں کی جانب سے اس مذہبی موقع کو اپنے نظامِ حکومت یا اپنے اقتدار یا اپنی پارٹی کے سیاسی پروپیگنڈے کےلئے استعمال کرنا صحیح نہیں۔جو لوگ سیاسی نعرے اور سیاسی ہنگامے کرتے ہیں انکی باتیں او رانکے نعرے امت مسلمہ کے یہاں متفقہ نہیں مانے جاتے۔ حج پر آنے والے یکسوئی کے ساتھ عبادت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دعوے کی تائید میں قرآنی آیات پیش کیں۔ علی الامین نے سعودی عرب اور عراق کے درمیان پیدا ہونے والی قربت کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس سے خطے پر خوشگوار اثرات مرتب ہونگے۔