Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن کرکٹ بورڈ ٹیم پاکستان بھیجنے پر رضامند

لاہور:سری لنکا کے کرکٹ بورڈ ”سری لنکا کرکٹ“ نے اپنی قومی کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ تھیلنگا سوماتھیپالا نے کہا کہ سیکیورٹی کی جانچ پڑتال کے بعد کرکٹ ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لئے پاکستان جانے کی اجازت دے دی گئی ہے جن میں سے کم از کم ایک میچ لاہور میں بھی کھیلا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا اور پاکستان آئندہ ماہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلیں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ ان میں سے ایک میچ لاہور میں کرایا جائے۔سری لنکن کرکٹ کے سربراہ نے خانہ جنگی کے دوران پاکستان ٹیم کی جانب سے سری لنکا کے دوروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 دہائیوں میں سری لنکا دہشت گردی کا شکار رہا اور اس دوران کوئی بھی ٹیسٹ ٹیم سری لنکا آکر کھیلنے کے لیے تیار نہیں تھی، ایسے میں پاکستان ٹیم نے سری لنکا کے دورے کیے اور ہر مشکل گھڑی میں ہمارے ساتھ کھڑی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ماہرین نے پاکستان کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا ہے، وہاں معاملات مثبت نظر آئے ہیں اور ملک بھر خاص طور پر لاہور کے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں۔آئی سی سی بھی پاکستان میں کرکٹ بحالی کی خواہاں ہے اور 3 میچز کی ٹی 20 سیریز کے لیے اگلے ماہ ورلڈ الیون کے پاکستان ٹور کی حمایت کررہی ہے جو سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگی۔تھیلنگا سوماتھیپالا نے پڑوسی ممالک پر پاکستان کی حمایت کرنے کےلئے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر آئی سی سی رکن ملک پاکستان میں کرکٹ بحالی کےلئے اپنا کردار ادا کرے اور اس کا ساتھ دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطرات تو دنیا میں ہر جگہ اور ہمیشہ موجود رہتے ہیں، چیمپیئنز ٹرافی کے دوران لندن میں دو حملے ہوئے لیکن آئی سی سی کی سیکیورٹی ضمانت پر وہاں کرکٹ میچ ہوتے رہے، اسی طرح ہمیں بھی ایشیا کے کرکٹ خاندان کے اپنے رکن کی ہرممکن سپورٹ کرنی چاہیے۔
 
 
 
 
 

شیئر: