Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ: گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں 8پاکستانی کھلاڑی منتخب

 
کیپ ٹاون: جنوبی افریقہ کی پہلی گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھلاڑیوں کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوگیا جہاں ڈرافٹنگ میں پاکستان کے 8 کھلاڑیوں کو مختلف ٹیموں نے منتخب کرلیا ہے۔ان کھلاڑیوں میں عمر اکمل،وہاب ریاض،محمد حفیظ، فخر زمان، محمد نواز،انور علی، عماد وسیم اوریاسر شاہ تا ہم شاہد آفریدی اور جنید خان نے معذرت کر لی ہے۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے ٹکراوکے سبب کئی پاکستانی کھلاڑی ڈرافٹنگ کے عمل کا حصہ نہیں بن سکے ۔ ان کا پہلے ہی بنگلہ دیش لیگ ٹیموں سے معاہدہ ہے۔مقامی کھلاڑیوں میں اے بی ڈی ویلیئرز، فاف ڈیو پلیسی، ہاشم آملا، جین پال ڈومینی، عمران طاہر، کگیسو ربادا، کوئنٹن ڈی کوک اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں۔غیر ملکی کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، دیوان براوو، کیرون پولارڈ، انگلینڈ کے این مورگن، جیسن رائے، کیون پیٹرسن، سری لنکا کے لیستھ ملنگا اور نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم شامل ہیں۔پاکستان کے سب سے مہنگے کرکٹر وہاب ریاض ثابت ہوئے جن کی خدمات بینونی زلمی نے ایک لاکھ 15ہزار ڈالر میں حاصل کیں۔ تنازعات میں گھرے عمر اکمل پر بہرحال قسمت مہربان ہو گئی اور بینونی زلمی نے جارح مزاج بلے باز کو ایک لاکھ ڈالر کے عوض اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جبکہ محمد نواز کی خدمات 35ہزار ڈالر میں حاصل کیں۔ڈربن قلندرز نے محمد حفیظ کو 75 ہزار جبکہ فخرزمان کو 65 ہزار ڈالر کے عوض منتخب کیا ہے۔نیلسن منڈیلا بے اسٹار فرنچائز نے انورعلی کو ایک لاکھ ڈالر اور جنید خان کو 75ہزار ڈالر میں اسکواڈ کا حصہ بنایا جبکہ عماد وسیم کو اسٹیلن بوش مونارک کی فرنچائز نے ہزار ڈالر اور یاسرشاہ کو جوبرگ جائنٹس نے 60 ہزار ڈالر میں خریدا ہے تاہم کھلاڑیوں کے ناموں کے اعلان کے بعد جنید خان نے جنوبی افریقی لیگ میں کھیلنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی ٹیم کھلنا ٹائٹنز کے ساتھ معاہدے کر چکے ہیں اور جنوبی افریقی لیگ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔اسی طرح شاہد آفریدی نے بھی بنگلہ دیشی لیگ کی وجہ سے جنوبی افریقی لیگ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی۔گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کا پہلا ایڈیشن رواں سال نومبر اور دسمبر میں جنوبی افریقہ کے8 شہروں میں کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: