Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ینبع الصناعیہ ڈویژن ون : پاک کریسنٹ نے کرسٹل کو 102رنز سے ہرا دیا

 
ینبع الصناعیہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے ڈویژن ون کے میچ میں پاک کریسنٹ اے نے کرسٹل کو 102رنز سے ہرا دیا ۔ یہاں ینبع الصناعیہ کرکٹ گراونڈ پرکھیلے گئے مقررہ 20اوورز کے میچ میں پاک کریسنٹ اے کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 6وکٹوں کے نقصان پر شاندار 230رنز کی اننگز کھیلی۔ اننگز کی خاص بات ایس عنایت کی خوبصورت اور ناقابل شکست سنچری تھی۔ انہوں نے 10چھکوں اور 5چوکوں کی مدد سے 109رنز بنائے۔ عنایت کو سنچری بنانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ دوسرے اہم بیٹسمین این جاوید تھے جو بدقسمتی سے نصف سنچری مکمل نہیں کر سکے۔ وہ 48رنز بنا کر فاضل کے ہاتھوں آوٹ ہوگئے۔اوپنر شعیب نے 14رنز بنائے انہیں این اسلام نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔ جے بسرا 19 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے جبکہ فیض نے 10رنز بنائے۔انہیں ایس احمد کی گیند پر حسن نے کیچ آوٹ کیا۔اننگز میں 27فاضل رنز بنے جس میں 17وائڈ بال اور 4نوبال شامل ہیں۔ کرسٹل کی جانب سے فاضل امین نے 2جبکہ ایس احمد اور این اسلام نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ ینبع الصناعیہ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے کھیلے گئے اس میچ میں کرسٹل کی ٹیم نے 231رنز کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی ۔ بڑے ہدف کیلئے آغاز سے ہی اننگز کو قابو میں رکھنے کی ضرورت تھی جس میں کرسٹل کی ٹیم ناکام ثابت ہوئی اور اسکور کو اس تیز ی سے آگے نہ بڑھا سکی جس کے باعث ہدف کا حصول ناممکن ہوتا گیا۔ اوپنر ایس احمد 19 جبکہ نسیم خان 13رنز بنا کر وکٹیں گنوا بیٹھے ۔ایس احمد کو رانا نے احمد کی گیند پر اسٹمپڈ آوٹ کیا ، نسیم حسن سعید کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ حسن توفیق نے بھی 19رنز بنائے۔ انہیں بسرا نے بولڈ کیا۔ مڈل آرڈر امان خان نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ہدف پر پہنچنے کی ناکام کوشش کی انہوں نے 5چھکوں کی مددسے 32رنز بنائے تھے کہ رانا نے جاوید کی گیند پر ان کا خوبصورت کیچ لے لیا۔ کرسٹل کے عامر گفتار نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مددسے 21رنز بنائے۔ انہیں ماہر نے جاوید کی گیند پر کیچ آوٹ کر دیا۔ ڈاکٹر عامر خان بھی 10رنز بناکر این جاوید کی گیند پر اسٹمپڈ آوٹ ہو گئے۔ کرسٹل کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 128/9رنز بنا سکی ۔ پاک کریسنٹ کے بولرز نے فاضل رنز دینے میں کفایت شعاری کا مظاہرہ کیا اور صرف 7رنز پر اکتفا کیا ۔مقررہ 20اوورز میں 4وائڈ کے علاوہ کوئی نو بال نہیںہے۔ یہ میچ یکطرفہ ثابت ہوا۔این جاوید نے 21رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں ، سعید ، بسرا، ماہر،احمد اور شعیب نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

شیئر: