Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعظم گڑھ میں سائبر کرائم، باپ کیلئے بھیجے گئے لاکھوں روپے نکال لئے گئے

    لکھنؤ۔۔۔۔۔۔اعظم گڑھ میںوالد کی بیماری کی خبر سن کر گزشتہ جولائی کو بیرون ملک سے وطن واپس آئے نوجوان کو سائبر مجرموں نے2 لاکھ 80 ہزار روپے کی چپت لگا دی۔ اب بیمار والد کواسپتال کے بستر پر پڑا دیکھ کر بیٹے کے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ والد کا علاج کرنے کو اب اسکے پاس پیسے نہیں ۔ احمد شیخ ذوالفقار مبارک پور پولیس ا سٹیشن کے اساور گاؤں کا رہنے والاہے۔ وہ  بیرون ملک میں روزگار کے سلسلے میں گیا تھا۔ اس دوران  وہ اپنے والد افتخار کی بیماری کا سن کر ہند واپس آیا۔ اس نے بیرون ملک سے آتے وقت یہاں ہند میں اپنے کھاتے یو بی آئی بینک شاخ میں 3 لاکھ روپے بھجوائے تھے۔ ذوالفقار نے والد کو 2 دن قبل شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں علاج کیلئے لے گیا۔ دوپہر جب اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے گیاتو بینک اکاؤنٹ خالی تھا ،اسکے پاؤں کے نیچے سے زمین کھسک گئی ۔ وہ دوڑا دوڑامبارک پور قصبہ واقع بینک شاخ پر پہنچا، جہاں انہیں بتایا گیاکہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب سائبر مجرموں نے آپ کے اکاؤنٹ سے کئی قسطوں میں 2 لاکھ 80 ہزار روپے کی آن لائن خریداری کی ہے۔ متاثرہ شخص نے مقا می پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افرادکے خلاف تحریر ی شکایت کر دی ہے مگر اب تک نہ تو کوئی گرفتاری عمل میں آئی اور نہ ہی بینک والے متاثرہ شخص کی داد رسی کا کوئی یقین دلا رہے ہیں۔ اس واقعہ سے ایسے بہت سے لوگ پریشان ہوگئے ہیں جنکے عزیز و اقار ب بیرون ملک سے بینکوں کے ذریعے رقم ارسال کرتے ہیں مگر وہاں سائبر بدمعاش ان پر ہاتھ صاف کردیتے ہیں۔

شیئر: