Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی ٹیسٹ: پاکستان نے 21رنز سے شکست کو گلے لگا لیا

ابو ظبی: پاکستا نی بیٹسمینوں نے بولرز کی شاندار کارکردگی پر پانی پھیرتے ہوئے ایک اور شکست کو گلے لگا لیا ۔ ابو ظبی ٹیسٹ کے آخری دن یاسر شاہ اور دیگر بولرز غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو اس کی دوسری اننگز میں کھانے کے وقفے سے قبل 138رنز پر آوٹ کردیا اور پاکستانی ٹیم کو جیتنے کے لئے 136رنز کا آسان ہدف ملا تھا۔پاکستانی بیٹسمینو ں کے لئے اس ہدف کا حصول بھی ایک بڑا چیلنج بن گیا اور پوری ٹیم 47.4اوورز میں ڈھیر ہو کر 21رنز سے شکست کھا گئی جبکہ سری لنکا نے 2ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری بھی حاصل کرلی۔ اس ناکامی نے ابو ظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کے ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ پاکستانی بیٹنگ لائن کی تباہی میں سری لنکن اسپنر رنگانا ہیرتھ نے بنیادی کردار ادا کیا جبکہ دلرووان پریرا نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا ۔ ہیرتھ نے 21.4اوورز میں43رنز دے کر6 وکٹیںلیں اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میں 100وکٹوں سمیٹ مجموعی طور پر400 وکٹیں مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔ ہیرتھ نے اس میچ میں136رنز دے کر11کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرا دیا گیا۔ پریرا نے 3اور لکمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے صرف3کھلاڑی ڈبل فگر میں پہنچ سکے جبکہ 34رنز بنانے والے حارث سہیل ٹاپ اسکوررہے۔ اسد شفیق نے20اور کپتان سرفراز نے19رنز بنائے۔یاسر شاہ 6رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ انہوں نے سری لنکا کی دوسری اننگز میں5کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا لیکن ان کی یہ کارکردگی پس منظر میں چلی گئی۔محمد عباس نے 2جبکہ اسد شفیق، حارث سہیل اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔محمد عامر اس اننگز میں بھی کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ۔سری لنکا نے چوتھے دن کے اسکور 69/4رنزپر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تھی اور پاکستانی بولرز نے اسے 6وکٹوں پرمزید 69رنز ہی بنانے دیئے تھے۔مہمان ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین نیرو شان ڈکویلا40رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کوشل سلوا نے25رنز کی اننگز کھیلی تھی۔رنگانا ہیرتھ کو ان کی فتح گر بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔سیریز کا دوسرا میچ 6اکتوبر سے دبئی میں پنک گیند سے ڈے /نائٹ کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: