Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے سری لنکا کو چوتھا ون ڈے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ کی ٹھان لی

شارجہ: حسن علی اور شاداب خان کر عمدہ بولنگ اور بابر اعظم و شعیب ملک کے درمیان چوتھی وکٹ کے لئے119رنز کی ناقابل شکست شراکت کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف 5ون ڈے میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ7وکٹوںسے جیت لیا اور سیریز میں اپنی برتری0-4تک کرلی۔بابر اعظم اور شعیب ملک نے 69-69رنز اسکور کئے اور39اوورز میں3وکٹوں کے نقصان پر177رنز بناتے ہوئے پاکستان کو ہدف تک پہنچا دیا۔ بابر اعظم کو ان کی ذمہ دارا نہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس میچ میں بھی سری لنکا کی بیٹنگ ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئی اور پوری ٹیم 44 ویں اوور میں 173 رنز پرچلتی بنی۔ لاہیروو تھریمانے نے نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے کچھ مزاحمت کی لیکن62کے انفرادی اسکور پرعماد وسیم نے ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے عثمان شنواری نے اپنی دوسری ہی گیند پر کپتان اپل تھرنگا کو آوٹ کرکے سنسنی پھیلائی جبکہ حسن علی 3وکٹوں کے ساتھ پھر سب سے کامیاب بولر رہے۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن عثمان شنواری اور جنید خان نے اوپنرز کو30کے مجموعی اسکور پر واپس بھیج کر مہمان ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور99رنز پر اس کی7وکٹیں گر چکی تھیں۔ ایک اینڈ پر ڈٹے لاہیرو تھریمانے نے 8ویں وکٹ کیلئے اکیلا دھننجایا کے ساتھ 43رنز کا اضافہ کرکے صورتحال کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن دھننجایا کے آوٹ ہو نے سے معاملات پھر بگڑ گئے جبکہ 164کے مجموعی اسکورپر تھریمانے کی وکٹ گری تو آخری امید بھی ختم ہو گئی۔آخری کھلاڑی لاہیرو گاماگے کو حسن نے بولڈ کیا تو سری لنکا کی اننگز 173پر سمٹ چکی تھی۔سری لنکن بیٹسمین تھریمانے 94گیندوں پر4چوکوں کی مدد سے 64رنز بنا کر ٹاپ اسکور رہے،سورنگا لکمل نے ناقابل شکست 23اور اوپنر نیروشان ڈکویلا22رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ حسن علی 8.4 اوورز میں37رنز دے کر 3،شاداب خان29رنز کے عوض2 ،عماد وسیم نے7اوورز13رنز دے 2وکٹیں حاصل کیں ۔ ایک، ایک وکٹ عثمان شنواری اور جنید خان کے حصے میں آئی جس کے لئے ان دونوں نے بالترتیب4اور6.3 اوورز میں22اور38رنز دیئے۔ جوابی بیٹنگ میں پاکستانی اوپنرز بھی ناکامی کا شکار رہے اور سیریز کے تیسرے اوراپنے کیریئر کے پہلے ون ڈے میں سنچری بنانے والے امام الحق صرف2رنز پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوگئے ۔شاید اس میچ میں انہیں جلد واپس جانے کی فکرتھی۔ فخر زمان17رنز بنا کر لوٹ گئے۔اس وقت مجموعی اسکور 37رنز تھا۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 58کے اسکور پر گری جب محمد حفیظ9رنز بنا کر کیچ ہو گئے۔ اس مرحلے پر سابق کپتان اور سینیئر آل راونڈر شعیب ملک نے بابر اعظم کے ساتھ 119رنز کی عمدہ شراکت کے ذریعے ٹیم کو کامیابی سے ہدف تک پہنچا دیا۔شعیب ملک نے آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے81گیندیں کھیل کر3چھکوں اور2چوکوں کی مدد سے69 جبکہ بابر اعظم نے101گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے5چوکے لگا کر69رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے لاہیرو گا ماگے ، اکیلا دھننجایا اور سیکوگے پرسنا نے ایک، ایک وکٹ لی۔سیریز کا پانچواں اورآخری میچ کل کھیلا جائے گا ۔پاکستان ٹیم کے عزائم کچھ اچھے نہیں لگ رہے۔سری لنکا کی ڈری ہوئی ٹیم کومزید ڈرانے کا ارادے نظر آرہے ہیں۔

شیئر: