Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کبھی ترک نہیں کریگا، الفیصل

  ریاض.... کنگ فیصل اسلامک ریسرچ سنٹر کے سربراہ اور سعودی محکمہ خفیہ کے سابق ڈائریکٹر شہزادہ ترکی الفیصل نے واضح کیا ہے کہ جو لوگ یہ دعویٰ کررہے ہیںکہ سعودی عرب فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ ترک کردے گا اور اسرائیل کے ساتھ کھلے تعلقات استوار کرلے گا وہ خام خیالی میںمبتلا ہیں ایسا کبھی نہیں ہوسکتا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتنیاہو اس قسم کے خواب جاگتے ہوئے بھی دیکھتے رہتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ان کے خواب زمینی حقیقت کا عکس ہیں۔ ترکی الفیصل سعودی عرب کے دشمن میڈیا کی جانب سے لگائے جانے والے اس الزام پر تبصرہ کررہے تھے جس میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ ایک اعلیٰ سعودی عہدیدار نے حال ہی میں اسرائیل کا خفیہ دورہ کیا ہے۔ سعودی دفتر خارجہ اس دعوے کے جواب میں انتہائی واضح فیصلہ کن اور سخت جواب جاری کرچکا ہے۔ ترکی الفیصل نے توجہ دلائی کہ بعض حلقے یہ عندیہ دینے میں لگے ہوئے ہیں کہ عربوں کی پرانی کہاوت ہے " دشمن کا دشمن دوست " کے تحت سعودی عرب خطے میں ایرانی اثر و نفوذ سے نمٹنے کیلئے اسرائیلی قائدین کے ساتھ تعلقات بنانے میں لگا ہوا ہے ۔ یہ کوشش ایک سازش ہے ۔ سعودی عرب نے ایسا کوئی عمل کیا نہ کرے گا۔ ترکی الفیصل نے یہ بھی کہا کہ بعض اوقات ایرانی رہنما یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ سعودی عرب ایران سے قریب ہوتا جارہا ہے ، ایسا اس وقت تک ممکن نہیں تاوقتیکہ ایران دہشت گردی کی سرپرستی اور پڑوسی ممالک میں مداخلت کی سرگرمیاں ترک نہ کردے۔ اسی طرح اگر اسرائیل عرب امن فارمولا قبول کرلیتا ہے اور اس کے مطابق تمام عرب ممالک کے ساتھ قیام امن پر راضی ہوجاتا ہے تو سعودی عرب اس تناظر میں اسرائیل کے ساتھ نئے طرح کے تعلقات قائم کرے گا۔ ترکی الفیصل نے بتایا کہ ایران یا اسرائیل کے ساتھ کسی بھی سطح پر سعودی رہنما رابطے نہیں کررہے ہیں۔ ان دونوں ملکوں کے ساتھ تعلقات میں کوئی گرمجوشی نہیں ہے۔ 

شیئر: