Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں جانور پالنے پر ٹیکس

چندی گڑھ۔۔ ریاست پنجاب  میں جانور پالنے پر بھی ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔  ریاستی کانگریسی حکومت  ایسے افراد سے  سالانہ ٹیکس وصول کرے گی جو اپنے شوق کیلئے  جانور  پالتے ہیں۔ کرکٹر سے  سیاستداں  بننے والے نوجوت سنگھ سندھو کی وزارت  اب  پنجاب کے لوگوں سے کتے ، بلیوں سمیت  پالتوں جانوروں کو رکھنے پر ٹیکس وصول کریگی۔  پنجاب کے بلدیاتی محکمہ نے  اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق  کتا، بلی، بکری، بچھڑا، بھیڑ، ہرن وغیرہ پالنے والے لوگوں کو سالانہ 250 روپے  سرکار کو ادا کرنا پڑے گا۔  اسکے علاوہ  جو لوگ  بھینس، سانڈ، اونٹ ، گھوڑا، گائے، ہاتھی اور نیل گائے وغیرہ پالتے ہیں ان کو بھی سالانہ  فی جانور 500 روپے ادا کرنے ہونگے۔  نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہر ایک پالتو جانور کا  برانڈنگ کوڈ  ہوگا۔ اس کیلئے شناخت نمبر دیئے جائیں گے یا  جانور میں مائیکرو چپ لگائی جائیگی تاکہ  جانور  کے گم ہونے کی  شکل میں  پولیس اور متعلقہ ادارے  اس کا آسانی سے پتہ لگا سکیں۔  کابینہ وزیر  نوجوت سنگھ سدھو نے بتایا کہ  وہ لوگ جو جانوروں کو  پالتے ہیں اور ان کی آزادی  پر  بندش لگائے ہوئے ہیں ان کو ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔  دوسرے یہ کہ پالتو جانوروں کے  غائب ہوجانے  کے سلسلے میں  جو ایف آئی آر  درج ہوتی ہیں  اس پر کارروائی  پولیس کیلئے کافی  مشکلات پیدا کردیتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پالتو جانور وںمیں مائیکرو چپ  لگانا  حکومت کا کام ہوگا۔  سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت پالتو جانوروں کے باقاعدہ لائسنس بھی بنائے جائیں گے اور لائسنس کی ہر سال  تجدید کرانا بھی ضروری ہوگی۔ اگر کوئی شخص اپنے جانور کا لائسنس تجدید نہیں کراتا تو اس پر بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔ 
 

شیئر: