Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چندرشیکھر راؤ کیخلاف سیاسی اتحاد

حیدرآباد.... تلنگانہ تلگودیشم کے کارگزار صدر ریونت ریڈی نے کہا کہ کھیل تو ابھی شروع ہوا ہے اور تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراؤ کو گدی سے اتارنا ہی ان کا مقصد ہے۔ چندرشیکھر راؤ کے خلاف سیاسی اتحاد کے استحکام کا وقت آگیا ہے۔ریونت ریڈی نے ان کی کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات کے درمیان پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے گزشتہ روز استعفیٰ دے دیاتھا۔ انہوں نے واضح کیاکہ وہ سیاست میں رہنے تک حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے انتخابی مقابلہ کریں گے۔انہوں نے تلگودیشم سے استعفیٰ دینے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے حلقہ کے لیڈروں ،کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ اپنے گھر پر اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پرا نہوں نے ان تمام سے اپنی مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ۔بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کے حلقہ کوڑنگل کے عوام ہی ان کے ہائی کمان ہیں اور وہ ان کی ہدایت پر عمل کریں گے۔ ریڈی نے کہاکہ حلقہ کے عوام جو ہدایت دیں گے وہ اس پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا’’مجھ پر جو بھروسہ کیا گیا تھا ، اس کو میں پورا کرنے کی کوشش کروں گا ‘‘۔ انہوں نے کہاکہ کوڑنگل کے عوام نے ان کو خدمت کا موقع دیا ہے اور پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ انہوں نے شخصی خودغرضی کیلئے نہیں لیا ۔انہوں نے کہاکہ فصل پر اقل ترین امدادی قیمت کا مطالبہ کرنے پر کسانوں کو حکومت دھوکہ دے رہی ہے۔وہ نہ صرف کوڑنگل حلقہ سے مقابلہ کریں گے بلکہ ان کی موت پرا ن کی سمادھی بھی اسی حلقہ میں بنائی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ کل وہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے۔ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلئے ان کے حامیوں کی کثیر تعداد ان کے مکان پہنچی ۔

شیئر: