Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھونی پر تنقید کرنےوالے اپنے کیریئر پر بھی نظر ڈالیں، روی شاستری

کولکتہ:ہندوستانی ٹیم کے کوچ روی شاستری نے ایک مرتبہ پھر سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین مہندرسنگھ دھونی کی حمایت کرتے ہوئے ان پر تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کوئی رائے دینے سے قبل اپنے کیریئر پر بھی نظر ڈالیں کہ انہوں نے خود کیا کارنامے انجام دیئے۔روی شاستری نے 36 سالہ دھونی کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور اس وقت بھی وکٹوں کے پیچھے ان سے بہتر کارکردگی دکھا نے والا کوئی نہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دھونی کی ٹیم میں موجودگی کے حوالے سے ایک نئی بحث نے جنم لیا ہے اور کئی سابق کھلاڑیوں نے دھونی کو ٹیم پر بوجھ قرار دے دیا ہے ۔سابق کرکٹرز وینکٹیش لکشمن اور اجیت اگرکر نے ہندوستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں دھونی کی موجودگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ انہیں اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے کر نوجوانوں کو موقع د ینا چاہئے۔دھونی پر جاری مستقل تنقید پر برہم روی شاستری نے کہا کہ لوگ دوسروں کے بارے میں بیان بازی اور بے جا تنقیدسے قبل اپنے کیریئر پر ایک نظر ضرور ڈال لیا کریں۔ سابق کپتان دھونی میں اب بھی بہت کرکٹ باقی ہے اور اب یہ ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ وکٹوں کے پیچھے آج بھی ان سے بہتر کرکٹر کوئی نہیں اور میدان میں حاضر دماغی اور بلے سے بہترین کارکردگی میں آج بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔اس سے قبل بھی روی شاستری دھونی کی حمایت میں سامنے آ چکے ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ دھونی سے جلنے والے چاہتے ہیں کہ ان کے کیریئر کا جلد ہی اختتام ہو جائے۔ ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی نے بھی دھونی پر ہونے والی تنقید کو نامناسب قرار دیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ مہندر سنگھ دھونی نے ہندوستانی ٹیم کو ہر میچ میں فتح دلانے کا ٹھیکہ نہیں لے رکھا۔

شیئر: