Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی ٹی ٹوئنٹی:سیمی فائنلز موخر، اعلان بعد میں ہوگا

راولپنڈی: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دونوں سیمی فائنل مقابلوں کو فیض آباد انٹرچینج میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے دیے گئے دھرنے کے خلاف کارروائی کے بعد کشیدہ صورت حال کے باعث ملتوی کردیا گیا۔پنڈی نیشنل اسٹیڈیم میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا سیمی فائنل لاہور ریجن اور فیصل آباد جبکہ دوسرا مقابلہ لاہور بلیوز اور فاٹا کے درمیان شیڈول تھا۔عدالت کے احکامات کے بعد حکومت کی جانب سے فیض آباد میں دھرنا ختم کرانے کےلئے کئے گئے آپریشن کے باعث حالات کشیدہ ہوگئے جس کے بعد منتظمین نے سیمی فائنل ملتوی کردیا۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے آخری گروپ میچ میں فاٹا نے فیصل آباد کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی اس فتح کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں کراچی کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی تاہم فیصل آباد پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی تھی۔لاہور وائٹس نے کامران اکمل کی تاریخی اننگز اور سلمان بٹ کے ساتھ ریکارڈ شراکت کی بدولت اسلام آباد کو 109 رنز سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔لاہور وائٹس نے کامران اکمل کی طوفانی بیٹنگ جس میں 12 چھکے اور 14 چوکوں کی بدولت 150 رنز بنائے اور مقررہ 20 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 209 رنز بنائے تھے اور ٹی ٹوئنٹی کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔سیمی فائنلز 24نومبر کو طے تھے ، یہ میچز 25نومبر کو کرانے کیلئے کہا گیا تھامگر حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے سیمی فائنل کے میچز موخر کر دئیے گئے ہیں۔شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا فائنل 26 نومبر کو کھیلا جانا تھا۔

شیئر: