Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویلفیئر فورم عسیر کی یوم تاسیس تقریب

 انسانی خدمت کا جذبہ بڑا عظیم ہوتا ہے، یہ عبادت کا درجہ رکھتا ہے، میری دعا ہے کہ یہ قائم و دائم رہے، الیاس فضل
* * * *رپورٹ وتصاویر:جی ایس ایوب ۔ خمیس مشیط* * * *
    پاکستان ویلفیئر فورم عسیر کی یوم تاسیس کی تقریب زیر صدارت فاروق بٹ منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی فورم کے سابق چیئرمین انجینیئر الیاس فضل تھے جو شرکت کیلئے خصوصی طورپر دمام سے خمیس مشیط آئے تھے۔ تقریب میں ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل اور دیگر عہدیداروں اور ممبران کے علاوہ کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے فورم کے موجودہ چیئرمین ریاض چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے درمیان انجینیئر الیاس فضل فورم کے سابق چیئرمین موجود ہیں، ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ فورم کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ فورم نے کمیونٹی کی بھرپور خدمت کے جذبے کا ہمیشہ اظہار کیا ہے۔ اپنے محدود اختیارات میں رہتے ہوئے کام کیا اورکررہے ہیں۔ ہمارے عہدیداران ایک فیملی کی طرح ہیں۔
    فورم کے صدر فاروق بٹ نے اظہار خیال کرتے ہوئے انجینیئر الیاس فضل کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اس تقریب میں شرکت کرکے فورم کے ساتھ غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ انکے ہاتھوں کا لگایا گیا پودا آج تناور درخت بن گیا ہے۔ 10سال مکمل ہوگئے ہیں۔ مجھے اور میرے ساتھی عہدیداروں کو انتہائی خوشی ہے کہ ہم کمیونٹی کی خدمت کررہے ہیں۔فاروق بٹ نے گزشتہ سالوں کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نے کمیونٹی کے مسائل حل کئے۔ ریاض چوہدری کی خدمات قابل ذکر ہیں اور انہوں نے کمیونٹی، قونصلیٹ اور سفارتخانے کے درمیان رابطے کا کام کیا اور کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیروزگار پاکستانیوں کو روزگار دلانے میں فورم کے سیکریٹری جنرل سید عاصم حسین اہم کردارادا کررہے ہیں۔ ملک مظفر اعوان فورم کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔ ان کے باہمی مشوروں سے فورم کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ محمد اسد فورم کے فنانس سیکریٹری ہیں۔ مصروفیات کے باوجود فورم کو وقت دیتے ہیں ۔ کمیونٹی کی خدمت کو قومی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
    فورم کے سیکریٹری جنرل سید عاصم حسین شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فورم غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے۔ ہم سب غیر سیاسی لوگ ہیں، ہمارا مشن کمیونٹی کی خدمت کرنا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں مزید ہمت دے اور ہمارے جذبے کو قبول کرے۔
     مہمان خصوصی انجینیئر الیاس فضل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج 10سال بعد آپ کے درمیان موجود ہوں۔یہ میرے لئے باعث مسرت ہے، پرانی یادیں تازہ کررہا ہوں۔ فورم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔ آپ نے کمیونٹی کی جو خدمت کی ہے وہ قابل قدر ہے۔ اس فورم کی بنیاد سابق قونصل جنرل ضیغم الدین اعظم اور اس وقت کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی چوہدری شوکت علی نے رکھی تھی۔ دونوں شخصیات کو وطن سے بے پناہ محبت تھی۔ کمیونٹی کے مسائل حل کرنے میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے تھے۔ مجھے خوشی ہے کہ آپ نے فورم کو قائم رکھا اور اسکی کارکردگی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ انسانی خدمت کا جذبہ بڑا عظیم ہوتا ہے۔ یہ عبادت کا درجہ رکھتا ہے۔ میری دعا ہے کہ یہ قائم و دائم رہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز فورم کے قیام پر ڈاکٹر جمیل مغل کو مبارکباد دی۔ کمیونٹی کو دی جانے والی طبی سہولتوں پر انکا شکریہ ادا کیا۔
    تقریب میں ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی ، طارق ملک، محمد ضمیر الحق، جاوید ملک، عبدالستار ،رائو محمد اویس اسلم اور اسحاق چوہدری کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی اور کیک کاٹا۔

شیئر: