Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ :فائنل میں لاہور بمقابلہ لاہور

 
راولپنڈی:قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں احمد شہزاد کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور بلیوز نے فاٹا ریجن کو10 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ لاہور وائٹس سے ہو گا۔ فاٹا ریجن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور لاہور بلیوز کے اوپنرز احمد شہزاد اور امام الحق نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 145 رنز کی بنیاد رکھ دی۔امام الحق نے 62 رنز بنا ئے جبکہ احمد شہزاد نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سنچری مکمل کی اور لاہور بلیوز نے مقررہ اوورز میں ایک وکٹ پر 221 رنز کا بڑا اسکور بورڈ کی زینت بنا دیا۔احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 گیندوں پر 13 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 104 رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ نے بھی 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔احمد شہزاد اس ایونٹ میں سنچری بنانے والے پانچویں کھلاڑی ہیں۔
مزید پڑھیں:قومی ٹی ٹوئنٹی: کامران اکمل کے2 ریکارڈ
 اس سے قبل کامران اکمل، مختار احمد، خرم منظور اور شان مسعود بھی سنچریاں بنا چکے ہیں۔تعاقب میں فاٹا کے بیٹسمینوں نے بھی جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور اسکور 8 وکٹوں پر 211 رنز تک پہنچا دیا مگر بدقسمتی سے 222کا ہدف حاصل نہ کر سکی۔فاٹا کی خوشدل شاہ نے 56 اور مختار احمد نے 47 رنز بنائے دیگر کوئی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔
مزید پڑھیں:سعید اجمل کا ایک اور ریکارڈ
قبل ازیں پہلے سیمی فائنل میں وہاب ریاض کی شاندار بولنگ کے باعث اہور وائٹس نے فیصل آباد کو 10رنز سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئی ۔ لاہور وائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔گزشتہ میچ میں ریکارڈ اوپننگ شراکت کرنے والے کپتان سلمان بٹ اور کامران اکمل نے اس مرتبہ بھی ٹیم کو 69 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم دونوں کے آوٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹک سکا۔سلمان بٹ 40، کامران اکمل 30، رضا علی ڈار 15 جبکہ سمیع اسلم نے 10 رنز بنائے جبکہ، عمر اکمل نے 32 رنز ناٹ آوٹ اننگز کھیلی۔جواب میں فیصل آباد کی ٹیم کمزورثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 132 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔صہیب مقصود کے سوا فیصل آباد کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، وہ 39 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عمران خالد 24، صاحبزادہ فرحان 7، گوہر علی 15، آصف علی 12، خرم شہزاد 14، علی وقاص 9، سعید اجمل صفر، یاسرشاہ 5 اسد علی 2 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔وہاب ریاض 15 رنز کے عوض2وکٹیں لیکر مین آف دی میچ رہے۔ فائنل آج لاہور بلیوز اور لاہور وائٹس کے درمیان شام4بجے راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: