Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنالٹی کک لگانے پرنیمار اور کیوانی میں تلخ کلامی

 
پیرس:فرانس کے مشہور کلب پیرس سینٹ جرمین کے برازیلی اسٹرائیکر نیمارجونیئر اور یوراگوئے سے تعلق رکھنے والے ایڈنسن کیوانی میں پھر پنالٹی کک لگانے پر تلخ کلامی کے بعد تنازع ہوا اور ضد کرکے کک لگانے والے کیوانی نے پنالٹی بھی ضائع کردی۔فرنچ لیگ کا یہ میچ ٹرائیز کے خلاف کھیلا جا رہا تھا تاہم پی ایس جی نے 0-2سے کامیابی حاصل کرلی۔دونوں کھلاڑی کلب کے سپر اسٹار شمار ہو تے ہیں تاہم دنیا کے مہنگے ترین فٹبالر کا اعزاز حاصل کرنے والے نیمار خود کو برتر سمجھتے ہیں اور اسی لئے پنالٹی کک لگانا بھی اپنا استحقاق تصور کرتے ہیں۔اس سے پہلے بھی ایک میچ میں ان دونوں کے درمیان اسی مسئلے پر تلخی ہوئی تھی اور دلچسپ بات ہے کہ اس وقت بھی کیوانی گول نہیں کرسکے تھے ۔
مزید پڑھیں:بارسلونا پر پابندی لگائی جائے، 32ملین پونڈ نہیں دیئے، نیمار کا مطالبہ
 ٹرائیزکے ایک فارورڈ نے کیوانی کے خلاف اپنے ہاف میں خطرناک فاول کیا جس پر ریفری نے کسی پس وپیش کے بغیر پی ایس جی کو پنالٹی کک دے دی۔ جسے لگانے کے لئے کیوانی اور نیمار دونوں پہنچ گئے۔ بحث کے بعد کیوانی نے کک لگائی تاہم گول نہیں کر سکے ۔جس پر تماشائیوں نے بھی خوب ہوٹنگ کی۔بعد ازاں دونوں کھلاڑی ایک، ایک گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب ہو گئے تاہم پنالٹی کک کے تنازع نے ایک مرتبہ پھر کامیابی کا مزہ کرکرا کردیا۔فٹبال حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کو مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدام کرنا ہوگا بصورت دیگر دونوں کھلاڑیوں کے درمیان معاملات زیادہ خراب ہو سکتے ہیں۔یا د رہے کہ کہ پیرس سینٹ جرمین نے بارسلونا میں کھیلنے والے برازیلی کھلاڑی نیمار کو196ملین پونڈ کی ریکارڈ رقم کے عوض حاصل کیا ہے ۔

شیئر: