Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویسٹ انڈیز وائٹ واش سے نہ بچ سکی

کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 66رنز سے شکست دے کر تیسرے ون ڈے میچ میں کامیابی کے ساتھ3میچوں کی ون ڈے سیریز میں کلین سویپ فتح بھی مکمل کرلی ۔ روس ٹیلر کو مین آف میچ جبکہ فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 19 اوورز میں3وکٹوں پر83رنز اسکور کئے کہ بارش شروع ہو گئی اور 4گھنٹے کا وقت ضائع ہونے کی وجہ سے میچ 23-23اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا ۔ جس کے بعد میزبان ٹیم نے 4وکٹوں کے نقصان پر131رنز اسکور کئے ۔روس ٹیلر نے ناقابل شکست47اورٹام لیتھم نے 37رنز بنائے ۔ہینری نکولس18بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ شیلڈن کو ٹریل نے2وکٹیں لیں۔ نیوزی لینڈ کے 131رنز کے جواب میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیزکو فتح کے لئے 166رنز کا نیا ہدف دیا گیا۔جس کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم ایک مرتبہ پھر ناکامی کا شکار نظر آئی۔ میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ نے اس کے بیٹسمینوں کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور 9رنز پر اس کی5وکٹیں گرادیں۔یوں لگ رہا تھا کہ ویسٹ انڈین ٹیم بدترین بیٹنگ کا کوئی نیا ریکارڈ قائم کردے گی تاہم کپتان جیسن ہولڈر اور رووان پاول نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 49رنز بنا کر بیٹنگ لائن کو بڑی تباہی سے بچا یا۔ پاول 11رنز بنا کر لوٹے تو مجموعی اسکور 58تک پہنچ چکا تھا لیکن ایک رن کے اضافے پرساتویں وکٹ بھی گر گئی جس کے ایک اوور بعد کپتان جیسن ہولڈر بھی 34رنز بنا کر باہر آگئے۔شیلڈن کو ٹریل نے بھی واپسی میں دیر نہیں لگائی اور73پر ویسٹ انڈیز کے9کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔10ویں وکٹ کی شراکت میں نکیتا ملر اور شینن گیبریئل نے24رنز کا اضافہ کیا تاہم اسی اثنا ءمیں اوورز بھی مکمل ہو گئے اور ویسٹ انڈین ٹیم99 رنز تک محدود رہتے ہوئے 66رنز سے شکست کھا گئی ۔ نیوزی لینڈ نے یہ سیریز 3-0سے جیت کر ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کردیا۔مچل سینٹنر نے15اور ٹرینٹ بولٹ نے18رنز دے کر3-3وکٹیں لیں۔ روس ٹیلر او ر ٹرینٹ بولٹ کو بالترتیب میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اب دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مد مقابل ہوں گی۔

شیئر: