Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورکھپور اور بنگلور میں آتشزدگی ،5افراد زندہ جل گئے

    نئی دہلی- - - - -  شمالی ریاست  اتر پردیش کے گورکھ پور  اور کرناٹک کے ریاستی  دارالحکومت   بنگلور میں آتشزدگی  کے  واقعات پیش آئے ہیں جن میں  5 افراد ہلاک ہوگئے۔ گورکھ پور میں آتشزدگی کا واقعہ   بچوں کی موت کیلئے معروف  بابا رگھوداس میڈیکل کالج  میں پیش آیا  جہاں  محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق  شارٹ سرکٹ سے  کالج کے پرنسپل کا دفتر اور  اس سے  ملحق ایک کمرہ  پوری طرح سے جل کر راکھ ہوگیا۔  آگ  پیر کی صبح  سویرے  لگی  جسے بجھانے کیلئے  فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیاں روانہ کی گئیں جنہوں نے تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد  آگ پر قابو پالیا۔  گورکھپور کے  سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گنیش  ساہا نے بتایا  کہ ابتدائی تفتیش سے  یہ نتیجہ  اخذ کیا گیا کہ پرنسپل  کے کمرے میں شارٹ  سرکٹ کے باعث آگ لگی جس نے   برابر کے کمرے کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔  اس واقعہ کی  تحقیقات کیلئے ایک کمیٹی مقرر کردی گئی ہے۔ جس سے کہا گیا ہے کہ  وہ  آتشزدگی کے  واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ ایک  ہفتہ میں  پیش کردے۔  دوسرا واقعہ  بنگلور کے ایک ریستوران میں اس وقت  پیش آیا جب  اس کا  عملہ  سو رہا تھا۔   یہ ریستوران  کمباڑہ  سنگھا بلڈنگ میں  واقعہ  تھا جس میں  اچانک ہی آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس کے  مطابق   ریستوران   70 سالہ اس پرانی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر تھا۔   صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے   فارنسک سائنس  لیباریٹری کی ایک ٹیم   موقع پر  پہنچ گئی۔    اس حادثہ میں  مرنے والے 5 افراد  کی  شناخت ہوچکی ہے  جن میں سے  4 کا تعلق  ریاست کے ضلع حسن  اور  ایک کا تعلق  مانڈیا سے  تھا۔  پانچوں افراد کی لاشوں کو   پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے  جبکہ  ریاستی حکومت نے  اس واقعہ کی بھی  تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔  چشم دید  گواہوں کے  مطابق  آگ لگنے کا   واقعہ  صبح ڈھائی بجے پیش آیا جس سے  فائر بریگیڈ کو  مطلع کردیا گیا۔  اس ریستوران کے  مالک کو  صورتحال کا علم نہیں تھا۔   پولیس نے بتایا کہ اسے صبح  4بجے اطلاع دی گئی اور موقع پر طلب کرلیاگیا لیکن  وہ  نہیں پہنچا۔   ریاست کے  وزیر  کے جی جارج نے  موقع کا  معائنہ کیا اور حکومت کی  طرف سے  مرنے والوں کے  ورثہ کو 5 لاکھ روپے  معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔

شیئر: