Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوگی بھی اکھلیش کے نقش قدم پر

    لکھنؤ- - - - -  - اترپردیش میں  حکومت بدلتے ہی  سرکاری  فیسٹول کا مرکز بھی بدل گیا ہے۔  سماج وادی پارٹی کی حکومت کے دوران  ملائم سنگھ یادو کے آبائی گاؤں  سیفئی  میں  ہر سال  سرکاری فیسٹول  منایا جاتا تھا۔  اس مرتبہ  سیفئی سے  یہ  سرکاری فیسٹول  وزیراعلیٰ یوگی  آدتیہ ناتھ کے آبائی شہر گورکھ پور میں شروع ہوگیا ہے۔  یہ سہ روزہ  جشن  جمعرات  سے شروع ہوکر  ہفتہ کو ختم ہوجائے گا۔ گورکھ پور وہ شہر ہے جہاں کے میڈیکل کالج میں  دماغی بخار سے  اس سال  60   سے زائد بچے دم توڑ چکے ہیں اور  جمعرات کو ہی بارہ بنکی میں  زہریلی شراب  پینے سے  9 افراد ہلاک ہوگئے  مگر  وزیراعلیٰ یوگی نے  ان تمام  اموات کو  نظرانداز کرتے ہوئے  اپنے شہر میں  سرکاری فیسٹول  کا آغاز کردیا جس پر لوگوں نے  حیرت کا اظہار کیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ  جس طرح  مظفر نگر فسادات کے کچھ دن بعد ہی  سماج وادی حکومت کے  وزیر اعلیٰ  اکھلیش یادو نے اپنے آبائی شہر سیفئی میں یہ سرکاری جشن منایا تھا اسی طرح  اب  یوگی بھی اکھلیش کے نقش قد م پر چلتے ہوئے  بے قصور لوگوں کی اموات کی پروا ہ کرتے ہوئے  جشن منا رہے ہیں۔  مظفر نگر  فسادات کے بعد  جن میں  62 افراد ہلاک ہوئے تھے  سماج وادی  حکومت کے ذریعے  منائے گئے سیفئی جشن پر  اس وقت  بی جے پی نے  سخت اعتراض کیا تھا لیکن  اب  بی جے پی کے وزیراعلیٰ   یوگی  آدتیہ ناتھ وہی سب کچھ کررہے ہیں جو  اکھلیش یادو نے کیا تھا۔  لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے  کہ یوگی نے بارہ بنکی کے واقعہ پر  زبان تک نہیں کھولی ۔  جمعرات کو  جشن کا افتتاح کردیا۔ اس میں  بالی وڈ کے فنکاروں  کو  پرفارم کرنے کیلئے  دعوت دی گئی ہے۔  اس طرح  جمعرات کو  بالی وڈ نائٹ ،  جمعہ کو بھوج پوری نائٹ اور  آخری دن ہفتہ کو  دوبارہ بالی وڈ نائٹ کے پروگرام کا اعلان کیاگیا ہے۔  اس  فیسٹول کا افتتاح ریاستی گورنر رام نائک  نے کیا  جبکہ  آخری دن کے پروگرام میں  وزیراعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ  خود بھی شریک ہونگے۔  لوگوں کا کہنا ہے کہ  اکھلیش حکومت پر اعتراض کرنے والی  بی جے پی  نے یوگی حکومت کے اس سرکاری پروگرام پر  ابھی تک کوئی آواز بلند نہیں کی جبکہ سردی سے درجنوں افراد  دم توڑ چکے ہیں۔ 

شیئر: