کچن کی صفائی کوئی مشکل کام نہیں . اکثر خواتین کچن کی صفائی سے گھبراتی ہیں ۔ اگر کام کے اس اصول کو مد نظر رکھا جائے کہ چیزوں کو استعمال کے بعد انکی جگہوں پر فوراًواپس رکھ دیں تو نہ تو چیزیں بکھرتی ہیں اور نہ ہی صفائی میں مشکل پیش آتی ہے ۔
اکثر اوقات کچن میں کام کرتے ہوئے بہت سا سامان ادھر ادھر ، کیبنٹ اور دراز سے باہر بکھرا ہوا نظر آتا ہے . کھانا پکانے کے دوران استعمال ہونے والے برتن ، دیگچیاں ، فرائنگ پین ، استعمال شدہ برتن ، کچن کا کچھ عجیب ہی منظر پیش کرتے ہیں . کچن میں پھیلی یہ بے ترتیبی انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے اور اس کے باعث کام میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے . ہر طرف بکھرے ہوئے برتنوں کے باعث کچن پھیلا ہوا اور گندہ نظر آتا ہے . خود ہی کچن میں کام کرتے وقت کوفت محسوس ہونے لگتی ہے او ر دیکھنے والا بھی آپ کے پھوہڑ پن کا اندازہ لگاتا ہے . لہذا کام کے دوران کبھی بھی کچن کو بکھرا ہوا نہ چھوڑیں . بلکہ ساتھ کے ساتھ ہی دھونے والے برتنوں کو سنک میں اور دھلے ہوئے برتنوں کو انکے کیبنٹس اور درازوں میں واپس رکھتے جائیں . کوکنگ سے فارغ ہوتے ہی سب برتن دھو کر ، خشک کر کے واپس انکی جگہوں پر رکھ دیں .
چولھے کو گندا چھوڑ کر کچن سے باہر نہ نکلیں . چولھے کی صفائی بھی اتنی ہی لازم ہے جتنا باقی کچن کی صفائی . اگر چولھے پر جلے ہوئے کی داغ ہیں تو اسپرے کلینر کا استعمال کریں اس سے داغ دھبے اور سیاہی آسانی سے صاف ہو جاتی ہے . کیبنٹس کی بھی وقتًا فوقتاً صفائی کرتی رہیں ان میں گرد ، مٹی جمع نہ ہونے دیں . ورنہ یہ برتنوں پر جم کر انہیں گندا کر دے گی ۔ اگر آپ مائیکروویو اوون استعمال کرتی ہیں تو اسکی صفائی پر بھی توجہ دیں تاکہ آپ کی اور آپ کے اہل خانہ کی صحت برقرار رہ سکے .