Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھیلوں کے انعقاد سے طلباءکی پوشیدہ صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے ، پرنسپل عدنان ناصر

پاکستان انٹر نیشنل اسکول انگلش سیکشن میں اسپورٹس ویک کا انعقاد4 ہاﺅسسز قائم کئے گئے ، سرسید ہاﺅس نے پہلی پوزیشن حاصل کی 
جدہ ( ارسلان ہاشمی) پاکستان انٹر نیشنل اسکول انگلش سیکشن میں منعقدہونے والے ہفتہ کھیل کے موقع پر پرنسپل عدنان ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند دماغ کے لئے کھیل انتہائی اہم ہیں ۔ درس گاہوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا مقصد طلباءمیں اجتماعیت ، قیادت اور نظم و ضبط کو اجاگر کرنا اور انہیں بہترین مواقع فراہم کرنا ہے ۔ہفتہ کھیل میں قومی ہیروزکے ناموں پر ہاﺅسسز کو موسوم کرنے کا مقصد انکے بلند کردار اور حب الوطنی و قائدانہ صلاحیتوں سے بھرپور جذبات طلباءمیں منتقل کرنا ہے اسی لئے مختلف ہاﺅسسز کو قومی ہیروز کے نام دیئے گئے ہیں جو حب الوطنی ، دیانت اور پرخلوص جذبات سے سرشار تھے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے طلباءمیں مخفی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے جس سے انکی نصابی سرگرمیاں بھی ابھر کر سامنے آتی ہیں ۔ اسپورٹس کے مواقع طلباءمیں ٹیم اسپرٹ کے رجحانات کو ابھارنے کےلئے انتہائی اہم ہیں جن سے طلباءمیں قیادت ، اجتماعیت اور برداشت و نظم و ضبط کے جذبات ابھرتے ہیں۔ پرنسپل نے مزید کہا کھیل میں ہار او ر جیت لازم و ملزوم ہے ۔ مقابلے میں ایک فریق کی جیت اور ایک کی ہار ہوتی ہے ۔ اس کا مقصد سیکھنا اور کچھ حاصل کرنا ہونا چاہئے تاکہ امید و نا امیدی کی کیفیت میں حالات کا بہتر انداز میں مقابلہ کرنے کی اہلیت پیدا کی جاسکے ۔ ہفتہ کھیل کے بہترین انتظامات پر پرنسپل عدنان ناصر نے اساتذہ خا ص کر پی ای ڈپارٹمنٹ او ر اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اسپورٹس گالا ویک میں مختلف ہاﺅسسز قائم کئے گئے تھے جن میں سرسید ہاﺅس نے 676 پوائنٹس لیکر میدان اپنے نام کر لیا ۔ جناح ہاﺅس نے 651 پوائنٹس حاصل کر کے دوسری پوزیشن جبکہ جوہرین ( مولانا محمد علی جوہر) نے 574پوائنٹس حاصل کئے اور علامہ اقبال کے نام سے موسوم اقبالینز نے 537 پوائنٹس حاصل کر کے تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ مقابلے جیتنے والوں کو پرنسپل عدنان ناصر نے ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کئے۔ اسپورٹس ویک کا آغاز تلاوت آیات ربانی سے کیا گیا۔ بعدازاں پرچم کشائی اور پاکستان و سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔ جونئیر طلباءکی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے بعد گریڈ 5 سے Aلیول کے طلباءو طالبات نے جمناسٹک کے مظاہرے بھی کئے۔

شیئر: