Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نے 9ماہ کی جستجو کے بعد پاکستانی کا گمشدہ پرس دبئی پہنچا دیا

    ریاض - - - - - سعودی شہری سلطان العتیبی نے دبئی میں برسرروزگار پاکستانی شہری  راشد اقبال کو بالآخر 9ماہ کی جستجو کے بعد تلاش کر کے گمشدہ پرس پہنچا دیا۔ پرس ملنے پر پاکستانی شہری کی خوشی دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ پرس پہنچوانے میں سبق ویب سائٹ کے نمائندے نے کلیدی کردار ادا کیا۔ العتیبی  نے اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ رمضان 1438ھ کے دوران وہ عمرے کیلئے طائف کے راستے مکہ مکرمہ آرہا تھا۔ السیل الکبیر میقات کی جامع مسجد میں وضو کرتے ہوئے اسے ایک پر س پڑا ہوا نظر آیا۔ اس نے پرس میں موبائل نمبر تلاش کیا، نہیں مل سکا  ۔ 4گھنٹے تک جامع مسجد میں اعلان کرتا رہا۔ بالآخر مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ ادا کیا۔ پر س میں موجود اے ٹی ایم کارڈ جاری کرنے والے بینک سے رابطہ کر کے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔ پتہ چلا کہ کھاتہ ایک عرصے سے منجمد پڑا ہوا ہے۔ میڈیکل انشورنس کارڈ جاری کرنے والی کمپنی سے رجوع کیا پتہ چلا کہ متعلقہ ملازم چھٹی پر گیا ہوا ہے۔ کئی ماہ بعد کمپنی نے رابطہ کر کے کہا کہ پرس کی رقم کسی فلاحی ادارے کو عطیہ کر دو۔ بالآخر ایک روز امارات سے فون پر رابطہ ہوا ۔ پاکستانی نے بتایا کہ میں ہی وہ شخص ہوں جس کا پرس مملکت میں گم ہو گیا تھا ۔ اس نے اپنا نام بتایا او ریقین دلانے کیلئے  ایپلیکیشن کے ذریعے ویڈیو کال کر کے اپنی شکل بھی دکھا دی۔ العتیبی نے اس سے متعدد سوالا ت کئے او رطے کیا کہ ڈاک کمپنی کے ذریعے اس کا پرس اسے بھجوا دیا جائے گا۔ اسی دوران سبق کے نمائندے نے پیشکش کی کہ وہ اس سلسلے میں تعاون کرے گا اور پرس حوالے کرتے وقت حقیقی تاثرات  ریکارڈ کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
 

شیئر: