Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے متعدد شہروں میں موسلادھار بارش

جدہ / مدینہ منورہ /طائف/ ریاض..... مملکت کے متعدد شہروں میں موسلادھار بارش بعض شہروں میں ژالہ باری جبکہ جدہ میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کو صبح مکہ مکرمہ اور جدہ میںموسم ابر آلود رہا صبح سے ہی گہرے بادل چھائے رہے وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی کی وجہ سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ متوقع بارش کے پیش نظر بلدیہ اور شہری دفاع کے اداروں نے احتیاطی تدابیر اختیارکر تے ہوئے انڈر پاسسز پر نکاسی آب کےلئے ہیوی ڈیوٹی پمپ نصب کر دیئے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انڈر پاسسز میں بھر جانےوالے پانی کو نکالا جاسکے ۔ شہر میں خوشگوار موسم کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد ساحل پر تفریح کےلئے پہنچ گئی ۔ ہفتہ وار تعطیل ہونے کی وجہ سے بھی تفریحی مقامات پر لوگوں کا غیر معمولی ازدحام رہا ۔ دوسری جانب طائف کے بعض علاقوں میں ہلکی جبکہ بعض میں موسلا دھار بارش ہوئی ۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی ۔ محکمہ شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل ناصر الشریف نے مقیمین اور مقامی افراد کو ہدایت کی کہ وہ نشیبی علاقوں میں قیام کرنے سے گریز کریں تاکہ کسی مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے پہاڑوں سے آنے والا برساتی ریلہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے جس سے جانی ومالی نقصان کا اندیشہ ہے ۔دوسری جانب مدینہ منورہ ریجن میں بھی ہفتے کو غیر معمولی بارش اور ژالہ باری ہوئی ۔ مدینہ منورہ اور مضافات میں تبوک کی جانب ہائی وے پر بارش کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ۔ شہر میں اولوں سے بعض گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جس سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ مضافاتی علاقوں میں پڑنے والے اولے خطرناک ثابت ہوئے جس سے کھلے باڑوں میں بعض مویشیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ۔ مدینہ منورہ سے 100 کلو میٹر تبوک کی سمت " فقرہ " نامی بستی میں ہونے والی ژالہ باری " برف باری " کا منظر پیش کررہی تھی ۔ اولوں سے سڑک اور اطراف کے میدان نے سفید چادر اوڑھ لی تھی جبکہ بادل اس قدر نیچے تھے کہ چند فٹ دور دیکھنا بھی مشکل ہو گیا تھا ۔دریں اثناءریاض سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہفتے کو صبح سے ہی موسم ابرآلود رہا ۔ دوپہر سے قبل دار الحکومت میں شروع ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ لوگوں نے تفریحی مقامات کا رخ کیا جبکہ سوشل میڈیا پر بارش کی تصاویر کا تبادلہ ہو تا رہا ۔ واضح رہے محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اس ہفتے بارش کی توقع کی گئی تھی جن میں ریاض ، تبوک ، مدینہ منورہ ، حائل ، الجوف ، قصیم ، الشرقیہ اور شمالی حدود کے علاقے شامل تھے ۔ 
مزید پڑھیں:۔ پیٹرول کی پیداوار میں کمی پر عائد پابندی میں مزید توسیع کا امکان ہے ، الفالح
 

شیئر: