افغان بحران کے حل کیلئے پرعزم ہیں،دفترخارجہ
اسلام آباد...دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان افغانوں کی سرپرستی میںخطے میں امن و استحکام کیلئے افغان بحران کے حل کیلئے پرعزم ہے۔ اسلام آباد میں بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے کابل کانفرنس میں بھرپور شرکت کی جس کا مقصد افغانستان میں امن واستحکام کاعمل تیز کرنا ہے۔کانفرنس کے دوران پاکستان، ایران اور روس نے افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی موجودگی،ملکی سلامتی اور استحکام پر اس کے اثرات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہاکہ سیکرٹری خارجہ کا حالیہ دورہ امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کا حصہ اور افغانستان میں امن وامان کے حصول کیلئے مل کر کام کرنے کی مشترکہ خواہش کامظہر ہے۔ ایک سوال پرترجمان نے کہاکہ پاکستان نے کنٹرول لائن پر ہند کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔2018میں ہند نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کی 400سے زائد خلاف ورزیاں کیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ہے۔ عالمی برادری کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم رکوانے کے لئے ہند پر دباو ڈالنے میں کردار ادا کرے۔