پیپلزپارٹی نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کردیا
اسلام آباد... پیپلزپارٹی نے بلوچستان سے آزاد سینیٹر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے لئے امیدوار نامزد کردیا ۔ ڈپٹی چیئرمین کے لئے امیدوار سلیم مانڈوی والا ہونگے۔ وزیر اعلی بلوچستان کی قیادت میں آزاد سینیٹروں کے وفد سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جیت پیپلزپارٹی کی ہو گی۔ اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے لئے بڑی قربانی دی ہے۔ آصف زرداری اور بلاول کا شکر گزار ہوں۔ پیپلزپارٹی نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لئے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدس بزنجو اوربلوچستان کے آزاد سینیٹرز کے وفد نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی۔ترجمان تحریک انصاف کے مطابق صادق سنجرانی کی متفقہ طور پر چیئرمین سینیٹ نامزدگی کا فیصلہ کیا گیا ۔ ڈپٹی چیئرمین کے لئے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عمران خان کے فیصلے سے وفاق اور پاکستان مضبوط ہوگا ۔ دریں اثناءسینیٹ کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاو س میں ہوگا ۔ نو منتخب ارکان حلف اٹھائینگے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب بھی اسی دن کیا جائے گا ۔ سینیٹر یعقوب خان ناصر بطور پریزائڈنگ افسر اجلاس کی صدارت کریں گے۔چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدوں کےلئے کاغذات نامزدگی دن 12بجے تک سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع ہوں گے۔ جانچ پڑتال دن2بجے ہوگی ۔ اجلاس دوبارہ 4بجے طلب کرکے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین کاانتخاب کیاجائےگا۔ نومنتخب چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین اپنے عہدوں کاحلف اٹھائیں گے ، بعد میں اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیاجائےگا ۔