Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین شریفین کی توسیع مملکت کے قائدین کا مثالی کارنامہ ہے ، شاہ فرمان

بیرون ملک مقیم پاکبان وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں ، ہر پاکستانی ملک میں حقیقی تبدیلی کا خواہاں ہے ، خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات کی اردو نیوز سے گفتگو 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکبان وطن عزیز کا سرمایہ ہیں ۔ تحریک انصاف تارکین وطن کو ووٹ ڈالنے کا حق دلوانے کے لئے ہر سطح پرکوشش کررہی ہے ۔ بیرون ملک بڑی تعدادمیں تحریک انصاف کے کارکن مقیم ہیں جو ہر صورت میں پاکستان میں تبدیلی کے خواہاں ہیں ۔ عمرہ کی غرض سے جدہ آمد پر اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہ فرمان نے مزید کہا کہ پاکستان اب ترقی کے سفر پر روانہ ہو چکا ہے ۔ ہماری پارٹی کا عزم ہے کہ ملک سے بدعنوانی کے عفریت کا خاتمہ کیا جائے جو آکاس بیل کی طرح وطن عزیز سے چمٹا ہواہے ۔ پاک ، سعودی تعلقات کے حوالے سے شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر ملک مشترکہ مذہب کی مضبوط ڈور سے بندھے ہیں ۔ ارض حرمین کے تقدس سے ہر پاکستانی کا دل سرشار ہے ۔ سعودی حکومت نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اسی طرح مملکت کی تعمیر و ترقی میں بھی پاکستانیوں کے کردار کو کسی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ آئندہ انتخابات کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ انکی پارٹی کی جانب سے رکنیت سازی کی مہم جاری ہے ۔ کراچی سے لیکر خیبر تک ہر پاکستانی کی خواہش ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی آئے جس کےلئے ہم کوشاں ہیں ۔ قبل ازیں جدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر انکا استقبال پی ٹی آئی ویسٹرن ریجن کے نائب صدر سید راشد علی شاہ ، سیکریٹری اطلاعات زاہد محمود، صدر جدہ ریجن میاں احمد بشیر ، جنرل سیکرٹری جدہ ریجن عجب خان نے کیا ۔ ویسٹرن ریجن کی جانب سے شاہ فرمان کے اعزاز میں مختصر عشائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور صوبائی وزیر سے تبادلہ خیال کیا۔ 

شیئر: